وادی نیلم میں تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن ، 700 سیاح محفوظ مقام پر منتقل

(کشمیر ڈیجیٹل)وادی نیلم میں طوفانی بارشوں کے باعث رتی گلی میں محصور سات سو سے زائد سیاحوں کو کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ یہ آپریشن آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو مشن قرار دیا جا رہا ہے۔

جمعہ کی صبح 7 بجے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی ہدایت پر شروع ہونے والا یہ آپریشن دوپہر 3 بج کر 30 منٹ تک جاری رہا۔ اس دوران 98 گاڑیوں اور سینکڑوں سیاحوں کو پیدل اور گاڑیوں کے ذریعے رتی گلی سے جب بھی کے مقام تک پہنچایا گیا، جہاں سے انہیں مین روڈ تک منتقل کیا گیا۔ پانچویں کلومیٹر پر ڈیڑھ کلومیٹر سڑک بہہ جانے کے باوجود امدادی سرگرمیاں بغیر تعطل جاری رہیں۔

آپریشن میں پاک آرمی، ایس ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ٹورِسٹ و ٹریفک پولیس اور مقامی رضاکاروں نے حصہ لیا۔ حکومت آزاد کشمیر نے تمام سیاحوں کے لیے عارضی رہائش اور کھانے پینے کا انتظام بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا کارنامہ، سینہ چاک کیے بغیر 14 مریضوں کے دل کے والو تبدیل کر دیے

ایس ڈی ایم اے کے مطابق تمام سیاحوں کو شام تک دواریاں پہنچا دیا جائے گا۔ آپریشن کے دوران دو زخمی سیاحوں کو فوری طبّی امداد فراہم کی گئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے رات بھر ذاتی طور پر ریسکیو کارروائی کی نگرانی کی اور سیاحوں کی بحفاظت واپسی تک صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔

Scroll to Top