یومِ یکجہتی کشمیرکوتحریک انصاف کی جانب سےبھرپور انداز میں منانےکا اعلان

جہلم ویلی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے نائب صدر، سید ذیشان حیدر نے ایک پُرمغز پیغام جاری کیاجس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے بانی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے مؤثر آواز بنی ہے۔ عمران خان وہ واحد عالمی رہنما ہیں جنہوں نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا اور مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو اجاگر کیا۔

اڈیالہ جیل سے اپنے خصوصی پیغام میں عمران خان نے کہا کہ 5 فروری محض ایک رسمی دن نہیں بلکہ اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سطح پر ان کے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

سید ذیشان حیدر نے بھارت کی قابض افواج کے ہاتھوں مقبوضہ وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، خواتین کی بے حرمتی اور پیلٹ گنز کے وحشیانہ استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام پر جاری ظلم و ستم کا جوابدہ ٹھہرائیں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا جائز اور قانونی حق  یعنی استصوابِ رائے دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

تحریک انصاف نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، مظاہرے اور آگاہی مہمات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جا سکے اور عالمی برادری پر دباؤ ڈالا جا سکے۔ سید ذیشان حیدر نے کہا کہ آج کشمیری عوام عمران خان کو اپنی جدوجہدِ آزادی کی سب سے توانا آواز سمجھتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہمیشہ اصولی مؤقف اپنایا اور عالمی سطح پر کشمیر کاز کی بھرپور وکالت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت، کارکنان اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیری عوام کو ان کا حقِ آزادی نہیں مل جاتا۔ اپنے پیغام کے اختتام پر سید ذیشان حیدر نے مسلم دنیا، اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ زبانی دعوؤں اور مذمتی بیانات سے آگے بڑھ کر کشمیری عوام کی حقیقی مدد کی جائے اور بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کا خاتمہ کرے۔

پاکستان تحریک انصاف نے واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیری عوام تنہا نہیں، ان کی آزادی کی منزل قریب ہے اور یہ جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔

Scroll to Top