محکمہ ان لینڈ ریونیو کی قلم چھوڑ ہڑتال، دفاتر اور ٹول پلازے بند کرنے کااعلان

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ ان لینڈ ریونیو آزادکشمیر کے ملازمین نے اپنے دیرینہ مطالبات کی عدم منظوری پر قلم چھوڑ ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس کے باعث ریونیو دفاتر کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور روزمرہ امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

ملازمین کی جانب سے روزانہ تین گھنٹے کی علامتی ہڑتال جاری ہے، جو 3 اگست تک برقرار رہے گی۔ ان لینڈ ریونیو ویلفیئر ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو 10 اگست کے بعد ریاست بھر میں تمام ریونیو دفاتر غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے جائیں گے، جبکہ 11 اگست سے ریاست کے تمام ٹول پلازے اور ریونیو چوکیاں بھی بند کر دی جائیں گی۔

ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر چوہدری محمد آصف اور دیگر رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ان لینڈ ریونیو کے ملازمین 2022 سے اسپیشل اور پرفارمنس الاؤنس سے محروم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام بقایاجات کی ادائیگی کے لیے فوری طور پر باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

چوہدری آصف نے مزید کہا کہ جس طرح دیگر محکموں کے ملازمین کو مراعات دی گئی ہیں، اسی طرز پر ان لینڈ ریونیو کے ملازمین کو بھی حقوق دیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فوری اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو ریاستی مالی نظام مکمل طور پر بند ہو جائے گا، جس کے منفی اثرات براہِ راست عوام اور سرکاری آمدن پر مرتب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کا انوار الحق کو کڑا جواب

ان لینڈ ریونیو ویلفیئر ایسوسی ایشن نے وزیراعظم آزادکشمیر، وزیر خزانہ عبدالماجد خان، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ان لینڈ ریونیو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وعدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ صورتحال قابو میں رہے اور مزید بحران سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top