محمد صدیق

وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا : راجہ محمد صدیق

راولپنڈی ( کشمیر ڈیجیٹل نیوز ) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر صنعت و تجارت راجہ محمد صدیق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پاک بھارت جنگ سے ایک نئی زندگی ملی ہے عالمی سطح پر اب اس مسئلے کو دوبارہ تسلیم کیا جارہا ہے جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آباد کشمیری مہاجرین کی سیٹوں پر سیاست کرنے والے کشمیریوں کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے، تقسیم کشمیر کی ہر ایک سازش کا مقابلہ کریں گے پاکستان میں مہاجرین کی سیٹیں مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ملی ہیں تاکہ جب بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے ۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں آئندہ حکومت مسلم لیگ ن بنائے گی : راجہ فاروق حیدر کا بڑا دعویٰ

پاکستان میں بسنے والے تمام مہاجرین اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں اس کے پیچھے آباؤ اجداد کی قربانیاں شامل ہیں۔ ان سیٹوں کی وجہ سے چوتھی نسل کی پاکستان میں شناخت برقرار ہے ہمارے بڑوں نے بوقت ہجرت جو ظلم وستم برداشت کیے ہیں وہ تاریخ کا حصہ ہیں ۔

سابقہ ادوار میں مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال دیا گیا تھا مگر موجودہ حکومت اور پاک فوج نے فیلڈ مارشل حافظ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو شکست فاش د یکرمسئلہ کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی ہے اب چند شر پسند عناصر آزادی کے بیس کیمپ میں افراتفری کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ ایشو پیدا کر کے کشمیریوں کو تقسیم کیا جائے ایک دوسرے کیخلاف نفرت پیدا کی جا سکے ۔

ریاست انتشار کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ تمام سیاسی جماعتوں کو ایسے عناصر کے خلاف اکٹھے ہو کر کھڑا ہونا چاہیے، قومی اداروں کو مسئلہ کشمیر پر جاندار موقف پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، افواج پاکستان آئے روز جانوں کا نظرانہ پیش کرکے ملک کی حفاظت کررہے ہیں ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر ان عناصر کی سازشوں کا مقابلہ کریں اور مسئلہ کشمیر پر ایک جاندار موقف اختیار کرتے ہوئے اسے دنیا بھر میں اجاگر کریں، مظلوم کشمیریوں نے تکمیلِ پاکستان کی خاطر ہر طرح کی قربانی دی ہے۔

آج غزہ اور فلسطین میں جو ظلم وستم ہورہا ہے اور اس پر جس طرح مسلم امہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے وہ قابل افسوس ہے، وقت ہے کہ متحد ہو کفر کا مقابلہ کیا جائے ،انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا : سردار محمد یوسف

پاکستان کی عوام و فوج نے ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھی ہے۔ آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی جس ریاست میں تعمیر وترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

Scroll to Top