یومِ شہادت کیپٹن سرور شہید (نشانِ حیدر) پر سید عدنان فاطمی کا خراجِ عقیدت

ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل)جموں و کشمیر یونین آف جرنلسٹس کے صدر سید عدنان فاطمی نے پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر، کیپٹن راجہ محمد سرور شہیدکو اُن کے یومِ شہادت پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 جولائی ہماری قومی تاریخ کا وہ درخشاں دن ہے، جب ایک نڈر سپاہی نے چکوٹھی اُوڑی سیکٹر میں دشمن سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر جان قربان کی اور شہادت کے اعلیٰ رتبے پر فائز ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن سرور شہیدکی دلیری، حب الوطنی اور قربانی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ دشمن کی گولہ باری، باربیڈ وائرز اور خطرات کی پروا کیے بغیر انہوں نے جس جواں مردی سے دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا، وہ پاک فوج کی تاریخ میں ایک سنہری باب کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔

سید عدنان فاطمی نے کہا کہ کیپٹن راجہ محمد سرور شہیدکا نام نہ صرف پاکستان بلکہ آزاد کشمیر کی دھرتی کے ماتھے کا جھومر ہے۔ چکوٹھی میں واقع بوائز ہائی اسکول جو ان کے نام سے منسوب ہے، آج بھی ان کی قربانیوں اور حوصلے کی یاد دلاتا ہے اور نوجوان نسل کو وطن سے محبت کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید کیپٹن سرور کی عظیم قربانی کو نصابِ تعلیم، میڈیا اور قومی تقریبات کے ذریعے اجاگر کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل اپنے قومی ہیروز کو پہچان سکے۔

سید عدنان فاطمی نے حکومتِ پاکستان اور آزاد کشمیر کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ یومِ شہداء کو قومی سطح پر منایا جائے، شہداء کی یادگاروں کی باقاعدہ دیکھ بھال کی جائے اور اُن کے نام سے مزید تعلیمی ادارے، سڑکیں اور پارک منسوب کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس اہلکاروں پر ٹک ٹاک سمیت سوشل میڈیا کے استعمال پر مکمل پابندی عائد

“قومیں وہی زندہ رہتی ہیں جو اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں۔”

Scroll to Top