(کشمیر ڈیجیٹل)ایشیا کپ 2025 کی میزبانی اگرچہ بھارت کے پاس ہے، مگر ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس پر بھارتی شائقینِ کرکٹ سوشل میڈیا پر شدید نالاں دکھائی دے رہے ہیں۔
ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی کے مطابق، ایشیا کپ کا یہ 17 واں ایڈیشن 9 ستمبر سے 28 ستمبر 2025 تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہو گا۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے اور ان دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ اسٹیج کا اہم مقابلہ 14 ستمبر کو طے پایا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اگر پاکستان اور بھارت دونوں فائنل تک رسائی حاصل کرتے ہیں تو ممکنہ طور پر شائقین کو دو مزید پاک بھارت مقابلے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کی اصل میزبانی بھارت کے پاس تھی، تاہم مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی کشیدگی کے باعث ٹورنامنٹ کے انعقاد پر غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم کے سیاحتی مقام ڈبہ جاگراں میں نیلم فیسٹیول کی رونقیں، شہریوں کی بھرپور شرکت
اب جب کہ ٹورنامنٹ کا مقام اور شیڈول باضابطہ طور پر جاری کر دیا گیا ہے، بھارت میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ کئی صارفین بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اس فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کے بائیکاٹ کی بات کر رہے ہیں۔