راولاکوٹ :دریک میں رنگا رنگ سپورٹس ایونٹ کاآغاز،رسہ کشی، گتکا کے مقابلے

راولاکوٹ :آزاد کشمیر کی خوبصورت وادی پرل میں واقع سیاحتی مقام دریک عیدگاہ گراؤنڈ میں روایتی کھیلوں کے رنگا رنگ ایونٹ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ۔

ایونٹ کے پہلے روز رسہ کشی، قدیمی ثقافتی کھیل گتکاکے مقابلے ہوئے جنہوں نے مقامی ثقافت کا حقیقی عکس پیش کیا۔

پہلے روز ایونٹ میں بچوں، نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں موجود تماشائیوں نے ہر لمحہ کھلاڑیوں کی دل کھول کر حوصلہ افزائی کی۔

ایونٹ میں 50 سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا، بنیان مرصوص کے نام سے بھی ایک ٹیم اس ایونٹ میں شامل ہوئی جس نے کامیابی حاصل کی تو ہجوم آپریشن بنیان مرصوص زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا ۔

یہ بھی پڑھیں: سپورٹس ایونٹس ،پاکستان نے اپنے کھلاڑیوں کو بھارت جانے سے روک دیا

ایونٹ کے پہلے روز عوام کا جوش وخروش دیدنی تھا،بچوں نوجوانوں اور بزرگوں نے کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

اس موقع پر منتظمین کا کہنا تھا کہ ان کھیلوں کا مقصد نوجوان نسل کو اپنی ثقافت اور روایات سے جوڑنا ہے اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

راولاکوٹ میں آج میراتھن ریس ہوگی، انٹرنیشنل ایتھلیٹس شریک ہوں گے

یاد رہے آج 27 جولائی کو دریک عید گاہ گراؤنڈ سے ہی انٹرنیشنل میراتھن ریس ہو گی جس میں آزاد کشمیر اور پاکستان کے علاؤہ بیرونی ممالک سے بھی ایتھلیٹس شریک ہوں گے۔

اس دوڑ میں دس سال کے بچوں سمیت بزرگوں کی بھی ایک تعداد صحت مند سرگرمی میں حصہ لے گی۔

ایونٹ میں مختلف امور کے لیے مقامی رضاکاروں کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیںجو اس موقع پر دور دراز سے آنے والے مہمانوں کی تواضع اور دیگر ضروریات کا خیال رکھیں گی ۔

تقریب کے منتظمین کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کا مقصد نوجوانوں کو اپنی تاریخی اور ثقافتی جڑوں سے جوڑنا اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔

آج کے جدید دور میں نوجوان نسل کو جسمانی سرگرمیوں اور مقامی کھیلوں سے دوبارہ متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ایونٹ کے پہلے روز مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے دریک عید گراؤنڈ کا دورہ کیا اور منتظمین کو کامیابی ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی ہیں۔