مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل ، مدیحہ عباسی سے)آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں غربت کا ننگا ناچ جاری ، حکومتی ایوانوں اور بڑی بڑی گاڑیوں ،بنگلوں ،کاروں ، کوٹھیوں کے شہر اور عوامی مسائل حل کا ڈھنڈورا پیٹنے والے سیاستدانوں کی ناک کے نیچے ہزاروں افراد دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے مجبور ہوچکے ۔
ایک طرف وزیراعظم انوارالحق گڈ گورننس کا دعویٰ کرتے تھکتے نہیں تو دوسری طرف انہی کی ناک کے نیچے شہری خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکے ۔ انہی میں سے ایک غریب شہری چوہدری نذیر جو کہ ایئرپورٹ کے علاقہ کا رہائشی ہے اپنے بچوں کے ہمراہ کسی مسیحا کے انتظار میں فاقے کاٹنے پر مجبور ہوچکا۔
مذکورہ شہری کےخاندان کو ایک وقت کا کھانا تک میسر نہیںہے ۔ کشمیر ڈیجیٹل کی نمائندہ مدیحہ عباسی جب غریب شہری چوہدری نذیر کے گھر پہنچیں تو انہیں ایسا محسوس ہوا کہ جیسے وہ پتھر کے زمانے میں آگئی جہاں کچا چھت تو موجود ہے لیکن انسانی زندگی کیلئے بنیادی سہولیات تک موجود نہیں۔
چوہدری نذیر کے گھر میں موجود ایک بچی معذور تو دوسرا بیٹا ابھی چھوٹا۔ مذکورہ شہری شہر میں بچوں کے پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے سامان اٹھا کر گزارا کرتا ہے مگر ٹرانسپورٹ کی جدید سہولیات نے سامان اٹھانے کا روزگار بھی قدر کم کردیا۔ جس سے شہری کی زندگی مزید اجیرن بن کر رہ گئی ۔
گھر میں معذور بیٹی اس کیلئے مزید پریشانی کا باعث جس کے علاج کیلئے اس کے پاس ایک طرف وسائل نہیں تو دوسری جانب رات کو خود بھوکا سوتا ہے اور بچوں کیلئے ایک وقت کی روٹی مشکل سے میسر کرتا ہے ۔
غریب شہری کے گھر میں بستر تک موجود نہیں ، کچن میں برتن تو دور کی بات لگانے کیلئے کپڑے تک نہیں۔ چوہدری نذیر انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکا ہے ۔
مدیحہ عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نذیر کی آنکھوں میں آنسو آگئے کہ وہ بچوں کے گزراوقات کیلئے روزی رزق کا بندوبست کرلیتا ہے مگر وہ اور اس کی اہلیہ کئی ماہ سے فاقے میں سوجاتے ہیں۔ دوسرے دن اس آس پر شہر نکلتا ہوں کہ کہیں محنت مزدوری مل جائے مگر کبھی مل جاتی ہے تو کبھی تین چار دن ایسے ہی گزر جاتے ہیں ۔
دنیا کے ہجوم میں جہاں دولت کی ریل پیل ہے وہاں کسی غریب کا خیال رکھنااسلامی معاشرے کا خاصہ رہا ہے مگر آج کے دور میں وہ اسلامی معاشرہ اور اسلامی حکومتیں نام کی رہ گئی ہیں۔۔۔
چوہدری نذیر نے وزیراعظم چوہدری انوارالحق ، چیف سیکرٹری سے اپیل کی ہے کہ وہ غریب پروری کرتےہوئے بچی کے علاج اور گھر کے خرچے کیلئے مالی امداد کریں تاکہ وہ زندگی کی ڈور کو بآسانی کھینچ سکے ۔
چین: ایک دن میں سال بھر کی بارش سے تباہی؛ 19ہزار افرادکا انخلاء، ایمرجنسی نافذ




