باغسر، آزاد کشمیر: پاک فوج اور محکمہ زراعت کے اشتراک سے باغسر بنڈالہ، سماہنی میں زیتون اور پھلدار درختوں کی کاشت کے لئے ایک معلوماتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ میں مقامی سیاسی قیادت، عوامی نمائندگان اور محکمہ زراعت کے ماہرین نے شرکت کی جبکہ پاک فوج کے افسران نے اس پروگرام کی کامیابی کے لئے اپنی بھرپور معاونت فراہم کی۔
ورکشاپ کے دوران محکمہ زراعت کے ماہرین نے شرکاء کو زیتون اور دیگر پھلدار درختوں کے باغات لگانے کی ترغیب دی۔ ماہرین نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی آب و ہوا زیتون کی کاشت کے لئے انتہائی موزوں ہے اور یہاں کی خالی زمینوں کو استعمال میں لا کر شہری اپنے معاشی حالات بہتر بنا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلے کی سوزش میں اینٹی بایوٹکس: کب ضروری کب نقصان دہ
انہوں نے مزید بتایا کہ بھمبر میں زیتون کی مختلف اقسام کی کاشت کی جا سکتی ہےجو نہ صرف مقامی معیشت کے لئے فائدہ مند ثابت ہو گی بلکہ زیتون کے درخت کی عمر سینکڑوں سال تک ہوتی ہے، جس سے طویل المدت اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے۔
پاکستانی فوج کی جانب سے اس ورکشاپ کے انعقاد پر مقامی یونٹ کا شکریہ ادا کیا گیا اور شرکاء نے اس تربیتی پروگرام کو نہ صرف مفید بلکہ حوصلہ افزا قرار دیا۔ اس کے علاوہ، حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے 75 فیصد سبسڈی پر زیتون کے اعلیٰ معیار کے پودے فراہم کیے جائیں گے تاکہ مقامی افراد کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب مل سکے۔