باغ (کشمیر ڈیجیٹل):پولیس کے محکمانہ الاؤنسز میں عدم اضافے کے خلاف آزادکشمیر کے مختلف اضلاع میں جاری احتجاجی سلسلے کے تحت ضلع باغ میں بھی پولیس اہلکار سڑکوں پر نکل آئے۔ پیر کے روز بڑی تعداد میں پولیس ملازمین نے کام چھوڑ کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ایس پی آفس کے سامنے جمع ہو کر احتجاجی دھرنا دیا۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے جائز مطالبات کے حق میں پرامن طور پر آواز بلند کر رہے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ مہنگائی کے تناسب سے الاؤنسز میں فوری اضافہ کیا جائے۔
احتجاج کے دوران وکلاء برادری نے بھی پولیس ملازمین سے اظہارِ یکجہتی کیا اور دھرنے میں شریک ہو کر ان کے مطالبات کی حمایت کی۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار عوام کی خدمت اور امن و امان کی بحالی میں پیش پیش رہتے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جانا چاہیے۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر بھر میں پولیس ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال، مراعات کے لیے احتجاج جاری
واضح رہے کہ اس سے قبل میرپور، مظفرآباد، راولا کوٹ اور دیگر اضلاع میں بھی پولیس اہلکار اسی نوعیت کے احتجاج کر رہے ہیں، جہاں انہوں نے چارٹر آف ڈیمانڈ بھی اعلیٰ حکام تک پہنچایا ہے۔