راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند، اسپِل ویز کھول دیے گئے

حالیہ شدید بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، جس کے بعد حکام نے حفاظتی اقدام کے طور پر ڈیم کے اسپِل ویز کھول دیے ہیں تاکہ اضافی پانی کو خارج کیا جا سکے۔

وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہروں میں مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث ڈیم میں پانی کا بہاؤ معمول سے کہیں زیادہ ہو چکا ہے۔ محکمہ آبپاشی اور واٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی حد 1752 فٹ ہے، جبکہ موجودہ سطح 1750 فٹ سے تجاوز کر چکی تھی، جس کے بعد ہنگامی طور پر اسپِل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق پانی کی سطح بلند ہونے پر سائرن بجائے گئے، جبکہ راول ڈیم میں پانی کی سطح 1749 فٹ تک پہنچ گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ پانی کی سطح کو 1746 فٹ تک برقرار رکھا جائے گا۔ ڈیم سے پانی کا اخراج بتدریج کیا جا رہا ہے تاکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے، اور نشیبی آبادیوں کے مکینوں کو محتاط رہنے اور نقل مکانی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان موجود ہے، جس کے باعث راول ڈیم سمیت دیگر آبی ذخائر میں بھی پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے۔ عوام کو جھیل، ندی نالوں اور ڈیم کے قریب نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ یہ اپیل بھی کی گئی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں مون سون کا چوتھا اسپیل شروع، آزاد کشمیر سمیت کئی علاقوں میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

دوسری جانب، ریسکیو 1122، واسا اور دیگر ایمرجنسی اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

Scroll to Top