اسلام آباد ( کشمیر ڈیجیٹل نیوز) جموں و کشمیر لبریشن سیل اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام یوم الحاق پاکستان کی مناسبت سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع تھا قرارداد الحاق پاکستان اور ہماری ذ مہ داریاں ۔
کانفرنس میں وزیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم ، وزیر بحالیات جاوید اقبال بڈھانوی ، ممبر قومی اسمبلی فتح اللہ کاکا خیل ،سینیٹر دنیش کمار،فیض اللہ فراق ترجمان گلگت بلتستان حکومت ،عبداللہ گل ،محمد فاروق رحمانی ،محمود احمد ساغر ، سید فیض نقشبندی ، سید یوسف نسیم ، مشتاق بٹ ، عبدالحمید لون ، محترمہ شمیم شال ، محترمہ فرذانہ یعقوب ، ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ خان افسر خان ، سردار نجیب الغفور ، راجہ راشد رضا ، سید ضمیر نقوی ، قاری عمر حماد ، خواجہ عمران الحق سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا : سردار محمد یوسف
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے وزیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم نے کہا کہ 19 جولائی 1947 تاریخی اہمیت کا حامل دن ہے اسی دن کشمیری اکابرین نے بانی صدر سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر قرارداد الحاق پاکستان منظور کی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی خصوصی ہدایت پر جموں وکشمیر لبریشن سیل اور حریت کانفرنس کے زیر اہتمام پورے آزادکشمیر اور پاکستان میں اس اہم دن کے حوالے سے سیمینار ،کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بنیان المرصوص میں ہماری پاک فوج نے بھارت کو شکست فاش دی اس پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ہم الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو بھی چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر توجہ دے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم رکوانے میں اپنا اہم کردار ادا کرے ، عالمی پاورز کو بھی چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کشمیر کا خون رائگاں نہیں جائے گا اور کشمیری اپنی منزل الحاق پاکستان حاصل کر کے رہیں گے ۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بھارتی میڈیا کو بھرپور جواب دیا اور maturity کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یوکے میں پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہیں کیونکہ مسلح افواج پاکستان نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا ۔
یہ بی پڑھیں: مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کی ضمانت ہے : عبدالقیوم نیازی
انشاءاللہ مجھے مسئلہ کشمیر حل ہوتا نظر آ رہا ہے ہم الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔ اس موقع پر وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ 19 جولائی کے دن غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر قرارداد الحاق پاکستان منظور ہوئی وہ کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ژندہ رہیں گے یہ ان کی دانشمندی تھی کہ انہوں نے آنے والے حالات کا ادراک کیا ۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ الحاق پاکستان ہو کر رہے گا ، بنگلہ دیش کے موجودہ حالات اور بھارت میں اقلیتوں کو دیکھ کر آج ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیری اکابرین کا فیصلہ درست تھا ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم وستم ڈھا رہا ہے دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی ہدایت پر ریاست بھر میں تقریبات ہو رہی ہیں جن کا مقصد پاکستان اور کشمیر کے تعلق کو اجاگر کرنا ہے ۔انہوں نے شہداء کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔




