یاسمین بی بی

یاسمین بی بی کی اعلیٰ حکام سے تحفظ اور انصاف کی اپیل

ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل نیوز/عمر بھٹی راجپوت سے)خونی رشتے کی آڑ میں کردار کا خون ، حقیقی ماموں بھانجی کی عزت نفس کا سوداگر بن گیا ۔

ایک طرف رشتےجنہیں دین نے محبت بھروسے اور حفاظت کا نام دیا ہے اور دوسری طرف وہی رشتے جب لالچ ہوس اور مفاد کی بھینٹ چڑھ جائیں تو انسانیت شرما جاتی ہے اور شرافت کا جنازہ نکلتا ہے ۔ ہٹیاں بالا ضلع جہلم ویلی کی یونین کونسل چناری کے گاؤں سربن کی رہائشی یاسمین بی بی دختر عبدالرحیم کی دھوکے سے پہلے ایک نامرد کے ساتھ شادی کرائی گی بعد میں اس کی شرافت اورعزت نفس سے کھیلنے لگے ۔

گاؤں سربن کی رہاشی یاسمین بی بی دختر عبدالرحیم اپنے حقیقی بھائی شوکت چوہدری کے ہمراہ حصول انصاف کیلئے ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا صحافیوں کے پاس پہنچ گئیں جہاں یاسمین بی بی نے اپنی شادی شدہ زندگی سے جڑے ایک انتہائی تکلیف دہ اور حساس معاملے کی تفصیل میڈیا کے سامنے رکھی ۔

یاسمین بی بی نے بتایا کہ اس کی شادی 15 جون 2025 کو بشارت حسین ولد محمد رشید ساکن سربن کے ساتھ انجام پائی ،نکاح کے وقت لڑکے کی جانب سے ضامن یاسمین کا حقیقی ماموں چوہدری محمد اسرائیل تھا جبکہ لڑکی کی طرف سے ولی اس کا بہنوئی محمد ممتاز تھا یاسمین کے مطابق شادی کے بعد کئی دنوں تک اس کے شوہر نے اس سے ازدواجی تعلق قائم نہیں کیا جب اس نے چوتھی رات شوہر سے بات کی کہ نکاح کے بعد بیوی ہونے کے ناطے میرے کچھ شرعی اور ازدواجی حقوق ہیں جو تم ادا نہیں کر رہے تو شوہر بشارت حسین نے انکشاف کیا کہ وہ اس قابل ہی نہیں ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ اس نے اپنی پہلی بیوی کو بھی طلاق دی اس نے یاسمین کو سختی سے کہا کہ یہ بات کسی کو نہ بتانا یاسمین نے یہ صورتحال اپنی والدہ اور بہن کو بتائی تو انہوں نے کہا کہ بشارت کے اہل خانہ نے ہمیں کبھی یہ نہیں بتایا کہ اس نے پہلی شادی کیوں ختم کی۔ یاسمین کے مطابق جب وہ سسرال واپس گئی اور شوہر کے کزن چوہدری جہانگیر کو ساری بات بتائی تو اس نے یاسمین کو غیراخلاق پیشکش کی جو اس نےسختی سے مسترد کر دی ۔

اپنے ماموں چوہدری محمد اسرائیل کے پاس جا کر اسکی شکایت کی تو بجائے سہارا دینے اور انصاف دلانے کے ماموں نے بھی جہانگیر کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تمہیں جیسا جہانگیر کہتا ہے ویسا ہی کرو ۔ یاسمین نے کہا جب میں نے انکار کیا تو جہانگیر نے سنگین دھمکیاں دینا شروع کر دیں ۔یاسمین نے مبینہ طور پر الزام لگایا کہ اس کے ماموں چوہدری محمد اسرائیل نے 2007 میں اپنی سگی بہن یعنی یاسمین کی خالہ شاہبیزہ بیگم کو کراچی لے جا کر شادی کروائی اور بعد میں غائب کر دیا جو آج تک لاپتہ ہے ۔

یاسمین کا کہنا ہے کہ اسے شک ہے کہ اسے بھی کسی غیر اخلاقی جال میں پھنسا کر پیسہ کمانے کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے ،یاسمین کے گھر والوں نے اس کے شوہر کے ساتھ جرگہ رکھا تو اس کا شوہر جرگے کے سامنے پیش ہونے سے انکاری ہو گیا ۔ یاسمین بی بی نے کہا کہ اب میں کہاں جاؤں میرا تو کوئی سہارا ہی نہیں رہا اب جو مجھے انصاف دلا ئےمیں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق، آئی جی پولیس، چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد کشمیر اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کرتی ہوں کہ مجھے اور میرےاکلوتے بھائی کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔

چوہدری جہانگیر اور چوہدری محمد اسرائیل کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ہم غریب لوگ ہیں اور ہمیں دھمکیاں مل رہی ہیں اگر ہمیں تحفظ نہ ملا تو ہماری جانیں خطرے میں ہے ، یاسمین نے کہا کہ وہ مظلوم ہے انصاف کیلئے نکلی ہے اور چاہتی ہے کہ رشتوں کی آڑ میں ہونے والا یہ ظلم کسی اور بیٹی کے ساتھ نہ ہو ۔

Scroll to Top