پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، پنجاب میں چھتیں گرنے سے 11 افراد جاں بحق

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مظفرآباد، وادی نیلم، وادی لیپہ اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر دھند کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے، گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ بارشوں کے بعد بڑی تعداد میں سیاح وادی نیلم کا رخ کر رہے ہیں، جہاں وہ خوشگوار اور سرد موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب میں موسلا دھار بارشوں نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ بارشوں سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 18 ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب گاؤں مرید وال میں ایک کچے مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں 2 خواتین، 2 بچیاں اور ایک بزرگ شامل ہیں۔ اسی طرح لاہور کے علاقے مشن کالونی رائیونڈ روڈ پر بھی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ پاکپتن میں بارش سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے 11 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں 2 بچے اور ایک خاتون جاں بحق، 17 افراد زخمی ہوئے۔ پاکپتن کی غلہ منڈی مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی ہے، جبکہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پاکپتن زخرف فدا ملک کے مطابق شہر میں 120 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، گجرات، کوٹ رادھا کشن، ڈسکہ، حافظ آباد، حویلی لکھا اور وزیر آباد میں بھی بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں پنجاب اور آزاد کشمیر کے مزید علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ پنجاب کے لاہور، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد، ساہیوال، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا اور راولپنڈی، خوشاب، اٹک، جہلم، چکوال، اسلام آباد، مری اور گلیات میں بارش کا امکان ہے۔

آزاد کشمیر میں مظفرآباد، وادی نیلم، وادی لیپہ، ہٹیاں بالا، باغ، راولا کوٹ، حویلی کہوٹہ اور گرد و نواح میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، بلند پہاڑوں پر دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹینشن ہیڈیک: سر درد کی عام قسم، وجوہات اور بچاؤ کے طریقے

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا موجودہ سپیل آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش کا باعث بن سکتا ہے، جس کے دوران گرج چمک، تیز ہوائیں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کا یہ سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے، لہٰذا عوام کو احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top