وادی لیپا،چننیاں منڈا کلی رابطہ سڑک تکمیل کی منتظر، عوام کا احتجاج کا اعلان

وادی لیپا( کشمیر ڈیجیٹل عبدالصبور اعوان) چننیاں منڈاکلی رابطہ سڑک پر تاحال مرمت کا کام مکمل نہ ہوسکا، محکمہ شاہرات کی سست رفتاری پر عوام شدید برہم، عوام علاقہ نے حکومت سے رابطہ سڑک فوری مکمل کرانے کا مطالبہ کردیا۔

‍ذرائع کے مطابق عوام نے محکمہ شاہرات آزاد کشمیر اور حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چننیاں منڈاکلی رابطہ سڑک پر جاری لک (بلیک ٹاپنگ) کے کام کو جلد از جلد، یعنی یکم اگست سے قبل مکمل کرائیں۔

عوام علاقہ کا کہنا ہےمحکمہ شاہرات کے اصول و ضوابط اور سرکاری قواعد کے مطابق صرف جون اور جولائی کے مہینے ہی لک ڈالنے کے موزوں سمجھے جاتے ہیں، اور انہی ماہ کے دوران لک ڈالنا تکنیکی لحاظ سے بھی درست اور دیرپا ہوتا ہے۔

عوامی نمائندوں اور مقامی ذرائع کے مطابق، چونکہ یہ ایک پہاڑی اور برفباری والا علاقہ ہے، اس لیے اگست یا اس کے بعد لک ڈالنے کا عمل ناقص اور غیر معیاری تصور کیا جاتا ہے، جو چند ماہ میں خراب ہو جاتا ہے اور قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔

اہلِ علاقہ نے محکمہ شاہرات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹھیکیدار کو واضح ہدایت دے کہ لک کا کام مقررہ مدت (جون و جولائی) میں مکمل کرے۔

اگر اس کے برخلاف کسی قسم کی جلدبازی، سستی یا غیر معیاری تعمیر کی گئی، تو عوام احتجاج پر مجبور ہوگی، اور ایسے کسی اقدام کو بعد میں “انتشار” سے تعبیر نہ کیا جائے کیونکہ یہ عوام کا جائز حق ہے کہ وہ اپنے علاقے میں معیاری ترقیاتی کام کی توقع رکھیں۔

عوام نے حکومتِ آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں کے مخصوص موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی ضوابط کی سختی سے پابندی کروائی جائے، تاکہ عوام کو بار بار مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

امتیاز نسیم کے اعزاز میں استقبالیہ، بھارتی مظالم بے نقاب کرنے کیلئے سوشل میڈیا کے استعمال پرزور

Scroll to Top