مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں منگل کی علی الصبح 4 بجے شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جس سے یونین کونسل گوہر آباد شرقی اور غربی کے کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ مقامی افراد اور شاہدین کے مطابق یہ صورتحال کلاؤڈ برسٹ جیسی لگتی ہے، جس نے کئی گھروں، گاڑیوں اور دکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچایا ہے۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) کے مطابق تقریباً صبح 4 بجے گوہر آباد کے ملحقہ نالوں میں شدید طغیانی آئی، جس کے نتیجے میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ گوہر آباد غربی کی لنک روڈ پر ملبہ آ گیا جس کے باعث یہ اہم راستہ مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔
گوہر آباد شرقی میں نقصانات کی تفصیل:
- مسعود مغل کی ٹوڈی کار جزوی متاثر
- وارث مغل کی آلٹو کار کو نقصان
- شکور مغل کی مہران کار کو نقصان
- فضائل مغل کی دکان کو جزوی تباہی کا سامنا
- عمیر مشتاق کی موٹر سائیکل متاثر
گوہر آباد غربی میں نقصانات:
- بیوہ ساجدہ زوجہ محمد صادق کا مکان جزوی تباہ
- چوہدری نظام دین کا مکان متاثر
- چوہدری کامران عرف تلا گٹ کا مکان متاثر
مزید مکانات اور املاک کے متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جن کی مکمل تفصیلات انتظامیہ حاصل کر رہی ہے۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں موسلا دھار مون سون بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور امدادی ادارے علاقے میں سرگرم ہیں اور سڑک کی بحالی سمیت دیگر امدادی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔