خستہ حال پل پر صرف نوٹس، تتاپانی ہجیرہ روڈ پر کام کا آغاز تاحال نہ ہو سکا

پونچھ: آزاد جموں و کشمیر کے علاقے پونچھ میں تتاپانی ہجیرہ روڈ پر واقع خستہ حال ساوہ پل کی عدم تعمیر پر بالآخر محکمہ شاہرات اور ضلعی انتظامیہ نے نوٹس لے لیا۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب کشمیر ڈیجیٹل پر اس پل کی خطرناک حالت اور حکومتی غفلت پر خبر نشر کی گئی۔

شہریوں کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے صرف ایک سائن بورڈ نصب کرکے فرض ادا کرنے کی کوشش کی گئی، جبکہ تاحال پل پر کوئی سیکیورٹی یا تکنیکی عملہ تعینات نہیں کیا گیا۔ بھاری لوڈر گاڑیاں بدستور اسی خستہ حال پل سے گزر رہی ہیں جو کسی بھی وقت زمین بوس ہو سکتا ہے۔

یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ کوٹلی کے ایک پل پر حالیہ دنوں ایک ڈمپر حادثے کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں پورا پل منہدم ہو گیا۔ بالکل اسی طرح ساوہ پل پر بھی درجنوں حادثات ہو چکے ہیں، لیکن مالی سال 2022-23 کی اے ڈی پی میں اس کی تعمیر کے لیے کوئی فنڈز مختص نہیں کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں ماحولیاتی بہتری کیلئے کاروان فاؤنڈیشن کی بڑی شجرکاری مہم

عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے ایک باقاعدہ احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر پل کی تعمیر کا کام شروع نہ ہوا تو تتاپانی ہجیرہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرکے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

Scroll to Top