مظفرآباد : سابق وزیرِاعظم اور صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے پارٹی ٹکٹ پر منتخب ہو کر وفاداریاں بدلنے والے وزراء کے خلاف بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔
سردار قیوم نیازی نے وزیر حکومت سردار علی شان سونی، جاوید بٹ، اکمل سرگالہ اور رفیق نیئر کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ان چاروں وزراء کے خلاف کل 11 محرم کو سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پاس باقاعدہ ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ وزراء پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر اسمبلی کا حصہ بنے تھے، لیکن بعدازاں پارٹی اور اسمبلی سے باضابطہ استعفیٰ دیے بغیر دوسری سیاسی جماعتوں میں شامل ہو گئے۔ تحریک انصاف نے اسے آئین اور قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کی اسمبلی رکنیت ختم کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف آزاد کشمیر سے وزیراعظم سمیت 21 منحرف ارکان نکال دیے گئے
پارٹی اعلامیے کے مطابق ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا جائے گا کہ اسمبلی رکنیت پارٹی ٹکٹ کی بنیاد پر حاصل کی گئی، اس لیے پارٹی چھوڑنے کے بعد ان کا ایوان میں رہنا غیر قانونی ہے۔