مظفرآباد :تحریک انصاف آزاد کشمیر نے پارٹی قیادت کے خلاف بغاوت اور نظریاتی انحراف پر سخت کارروائی کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انور الحق سمیت 21 منحرف اراکین اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔
پارٹی ترجمان سید تبریز کاظمی کے مطابق یہ اقدام پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن افراد نے عمران خان کے نظریے کے ساتھ غداری کی اور پی ٹی آئی کے ووٹ لے کر پی ڈی ایم کی گود میں جا بیٹھے، انہیں پارٹی سے خارج کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق منحرف اراکین نے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا، پارٹی کے خلاف سازش رچائی، اور ذاتی مفادات کو قومی و جماعتی مفاد پر ترجیح دی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ اراکین اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے عہدوں سے مستعفی ہوں۔
تحریک انصاف آزاد کشمیر سے نکالے گئے منحرف اراکین اسمبلی میں چوہدری انور الحق / وزیراعظم، سردار محمد حسین / بہبود آبادی، سردار میر اکبر/زراعت، آبپاشی و ماحولیات، دیوان چغتائی/ ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن، چوہدری ارشد حسین /برقیات، چوہدری رشید / پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن، عبدالماجد خان/ خزانہ، اظہر صادق /مواصلات و تعمیرات عامہ، نثار انصر / صحت عامہ، چوہدری اخلاق/ ریونیو و کسٹوڈین، اکمل سرگالہ /جنگلات، ظفر اقبال ملک / ہائر ایجوکیشن، فہیم ربانی/ آثار قدیمہ و سیاحت، یاسر سلطان / فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ، جاوید بٹ / ٹرانسپورٹ، عاصم بٹ/ سپورٹس، یوتھ و کلچر، کوثر تصدیق گیلانی، بیگم امتیاز نسیم، بیگم شاہدہ صغیر چغتائی، علی شان سونی اور مظہر سعید کو منحرف قرار دے کر پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کربلا کشمیریوں کی جدوجہد کا مینارِ نور ہے:وزیراعظم آزاد کشمیر
تبریز کاظمی نے واضح کیا کہ ان تمام اراکین کا اب پاکستان تحریک انصاف سے کوئی تعلق باقی نہیں رہا اور وہ پارٹی نام استعمال کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔ عوامی عدالت میں ان کو بے نقاب کرنا اور حلقوں میں ان کا احتساب کرنا ناگزیر ہے۔