اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی، جنہوں نے پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرتے ہوئے پارٹی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اس اہم ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی ڈھانچے اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور انہیں اہم ذمہ داریاں دینے کا عندیہ بھی دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سردار عدنان سیاب کی پیپلزپارٹی میں شمولیت، اسلام آباد میں اہم سیاسی بیٹھک
ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سینئر رہنما اور دیگر مرکزی قائدین بھی شریک تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی ایک بار پھر ایک مضبوط سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔ نئے شامل ہونے والے رہنماؤں نے پارٹی کے منشور اور عوامی فلاحی ایجنڈے کو سراہا۔




