آزاد کشمیر کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن 8 ماہ سے بند، مالی مشکلات کا شکار

مظفرآباد : آزاد کشمیر میں بلدیاتی اداروں سے ریٹائر ہونے والے سینکڑوں ملازمین گزشتہ 8 ماہ سے پنشن سے محروم ہیں، جس کے باعث وہ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔

یہ ملازمین جنہوں نے 35 برس سرکاری اداروں میں خدمات انجام دیں، اب بڑھاپے میں بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں۔ سینیٹری ورکرز جنہوں نے تیس سال تک صفائی کی خدمات انجام دیں، اب بیماریوں میں مبتلا ہو کر علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر پا رہے۔

یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب وزیراعظم آزاد کشمیر نے تنخواہوں اور پنشن کو اکاؤنٹنٹ جنرل کے دفتر سے منسلک کرنے کا اعلان کیا۔ اس فیصلے کے بعد ان ملازمین کی پنشن روک دی گئی۔ متاثرہ ملازمین نے وزیراعظم سے فوری مداخلت اور پنشن کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے، بصورت دیگر احتجاج کی دھمکی دی گئی ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر حکومت نے مقامی حکومت کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے جولائی 2021 سے نومبر 2024 تک کی مد میں 1.087 ارب روپے جاری کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہیلی کاپٹر عمران خان کے لیے تھا، سیاحوں کے لیے نہیں: عطا تارڑ

حال ہی میں حکومت نے بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کی منظوری دی ہے، جس کے تحت اب پنشن کی ادائیگی براہِ راست اکاؤنٹنٹ جنرل کے دفتر کے ذریعے کی جائے گی۔

Scroll to Top