مظفرآباد ڈویژن میں جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوئے ہیں، جس کے بعد کمیٹی نے آج کی ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی مظفرآباد ڈویژن کے رکن شوکت نواز میر نے رات گئے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ حکومت کو عوامی مطالبات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا تھا، جس پر تفصیلی مذاکرات کے بعد متعدد اہم اور تصفیہ طلب معاملات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج اور ہڑتال کی کال دی گئی تھی، ان میں سے بیشتر پر حکومت نے مثبت پیش رفت کی ہے۔
شوکت نواز میر نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے کی اہمیت اور عوامی مفاد کے پیش نظر حکومت اور انتظامیہ نے ہمارے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور انہیں حل کرنے کے لیے پیش رفت کی جس پر ہم حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عوامی کمیٹی نے انہیں ہڑتال کے فیصلے کا اختیار سونپا تھا اور اسی اختیار کے تحت وہ باقاعدہ طور پر آج کی ہڑتال واپس لینے کا اعلان کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معمول کے مطابق اپنے روزمرہ کے معاملات اور کاروبار جاری رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں: گیس کی قیمتوں میں اوسطاً 10 فیصد اضافہ، گھریلو صارفین کیلئے نرخ برقرار
شوکت نواز میر نے آخر میں عوامی ایکشن کمیٹی اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یکجہتی اور اعتماد ہی اس جدوجہد کی اصل طاقت ہے۔