سبز مرچ: ذائقے کے ساتھ بیماریوں سے بچاؤ کا قدرتی ذریعہ

ذائقے میں تیز اور خوشبو دار سبز مرچ صرف کھانوں کو مزیدار بنانے کا ذریعہ نہیں بلکہ انسانی صحت کے لیے بھی بے شمار فوائد رکھتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سبز مرچ میں پایا جانے والا ایک خاص مرکب ‘کیپسیسن’ جسم پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے، جن میں چربی گھٹانا، ذیابیطس کو کنٹرول کرنا اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق، سبز مرچ میں مختلف حیاتیاتی مرکبات پائے جاتے ہیں جن میں الکالائیڈز، فلیوونائڈز، فینولز، ضروری تیل، سٹیرائڈز اور سب سے اہم کیپسیسن شامل ہیں۔ ان اجزاء کے صحت پر مثبت اثرات سائنسی تحقیق سے ثابت ہو چکے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سبز مرچ چربی کے ذخیرہ ہونے کے عمل کو کم کر کے جسم میں چربی گھٹانے میں مدد دیتی ہے۔ یہ چربی کے میٹابولزم کو تیز کر کے وزن کو متوازن رکھنے اور وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی سبز مرچ مفید قرار دی گئی ہے۔ کیپسیسن خون میں شکر کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے اور انسولین کے اخراج کو بہتر بناتا ہے، جس سے خون میں گلوکوز کا توازن قائم رہتا ہے۔ سبز مرچ میں پائے جانے والے حیاتیاتی مرکبات مختلف جراثیمی انفیکشنز، خاص طور پر بیکٹیریا کے خلاف مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔ اس کی قدرتی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات اسے انفیکشن سے بچاؤ کے لیے مفید بناتی ہیں۔

اس کے علاوہ سبز مرچ میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جیسے فلیوونائڈز، فینولز اور پروانتھوسیانائیڈنز جسم کو فری ریڈیکلز اور آکسیڈیٹو اسٹریس سے بچاتے ہیں۔ یہ عناصر میٹابولک سسٹم اور جینیاتی مواد کو نقصان سے بچا کر کینسر، دل کے امراض اور فالج جیسے خطرناک امراض سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ سبز مرچ معدے کے السر کے علاج میں بھی مدد دیتی ہے۔ یہ معدے میں تیزاب کی مقدار کو کم کر کے السر کی شدت میں کمی لاتی ہے اور ٹشوز ہیلنگ کے عمل کو بہتر بناتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیوٹن نے روس امریکا تعلقات میں بہتری کا سہرا ٹرمپ کے سر باندھ دیا

ماہرین کے مطابق سبز مرچ صرف ایک مصالحہ ہی نہیں بلکہ قدرتی دوا کی حیثیت رکھتی ہے۔ اعتدال کے ساتھ اس کا استعمال نہ صرف ذائقہ بڑھاتا ہے بلکہ مختلف بیماریوں سے بچاؤ اور جسمانی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top