آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے لیکن ساتھ ہی مختلف علاقوں میں مشکلات کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
مظفرآباد اور گردونواح میں گزشتہ شب اور علی الصبح تیز بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، جبکہ ملبہ بھی کئی مقامات پر بکھر گیا۔ شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ نیلم اور جہلم ویلی میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ایس ڈی ایم اے نے بالائی پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈ اور کلاوڈ برسٹ کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔
راولاکوٹ اور ضلع پونچھ کے دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔
جہلم ویلی، ہٹیاں بالا اور چکار سمیت دیگر مقامات پر آج دن بھر جزوی طور پر ابر آلود موسم رہا۔ صبح کے وقت ہلکی ٹھنڈک اور دھند محسوس کی گئی، جبکہ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 28 اور کم سے کم 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد تک پہنچ گیا۔ شام یا رات کے وقت ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔
سدھنوتی اور لائن آف کنٹرول سے ملحقہ پونچھ کے علاقوں میں رات گئے سے موسلا دھار بارش جاری ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ان علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 12 گھنٹوں تک بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ضلع باغ میں بھی ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ دھیرکوٹ، ملوٹ، شجاع آباد، کوٹھیاں اور ہاڑی گہل جیسے علاقوں میں صبح سے جاری بارش کے باعث بلند مقامات جیسے سدھن گلی، لسڈنہ اور حاجی پیر میں موسم سرد ہو گیا ہے۔ بارشوں سے ان علاقوں میں پانی کی قلت میں بھی قدرے کمی آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جاپان کا کامیاب میزائل تجربہ، دفاعی پالیسی میں اہم پیش رفت
ادھر وادی نیلم کی معروف وادی جاگراں میں درجنوں سیاحتی مقامات محکمہ سیاحت کی عدم توجہ کے باعث تاحال سیاحوں کی نظروں سے اوجھل ہیں۔



