جہلم ویلی کے جنگلات میں آتشزدگی: جدید آلات اور تربیت یافتہ عملے کی کمی سے قابو پانا مشکل

ہٹیاں بالا: جہلم ویلی کے کمپارٹمنٹ 5، دوپٹہ رینج، یونین کونسل لانگلہ کے جنگلات میں رات بھر سے آگ بھڑک رہی ہے، جس پر قابو پانا مشکل ثابت ہو رہا ہے۔

محکمہ جنگلات کے مطابق جدید آلات اور تربیت یافتہ عملے کی عدم دستیابی کے باعث آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سال جہلم ویلی میں متعدد جنگلات آتشزدگی کا شکار ہوئے ہیں، جس سے قیمتی درخت اور جنگلی حیات کو نقصان پہنچا ہے۔ ماہرین کے مطابق جنگلات میں آگ لگنے کی وجوہات میں خشک موسم، انسانی غفلت اور بعض اوقات جان بوجھ کر لگائی جانے والی آگ شامل ہیں۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آگ کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے لیے جدید آلات اور تربیت یافتہ عملے کی فراہمی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرنگ کیل :فطرت کے شاندار قدرتی مناظر کے ساتھ ایک جنت

مقامی افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلات کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور آگ لگانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، اس کے علاوہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جا رہا ہے تاکہ جنگلات کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

محکمہ جنگلات کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے کوششیں جاری ہیں تاہم وسائل کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ جنگلات کی حفاظت اور آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

Scroll to Top