راولاکوٹ (22 جون 2025) : جامعہ پونچھ راولاکوٹ کے شعبہ کمپیوٹر سائنسز اینڈ آئی ٹی میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) اور اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) کے تعاون سے دو اہم تربیتی بوٹ کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ ان کیمپس کا مقصد طلباء و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت سے ہم آہنگ کرنا تھا۔
پہلا بوٹ کیمپ 24 سے 28 اپریل 2025 تک جاری رہا، جس میں بی ایس کمپیوٹر سائنس کے 52 طلباء و طالبات نے موبائل ایپلیکیشن ڈیولپمنٹ کی عملی تربیت حاصل کی۔ دوسرا بوٹ کیمپ 17 سے 21 جون 2025 تک منعقد ہوا، جس میں 50 طلباء و طالبات نے گیم ڈیولپمنٹ کے حوالے سے مہارت حاصل کی۔
یہ تمام سرگرمیاں ڈاکٹر عدنان احمد رفیق (اسسٹنٹ پروفیسر و سابق انچارج شعبہ کمپیوٹر سائنسز) کی کوششوں سے ممکن ہوئیں، جنہوں نے اپریل 2025 میں PSEB اور SCO کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے تحت طلباء کو جدید ٹیکنالوجیز سے روشناس کرانے کے لیے تربیتی سلسلے کا آغاز کیا گیا، جن میں یہ دونوں بوٹ کیمپس نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔
کیمپس کی انتظامی ذمہ داریاں محترمہ انعم نصیر نے فوکل پرسن کی حیثیت سے کامیابی سے سرانجام دیں۔ یہ تربیتی کیمپس بلا معاوضہ منعقد کیے گئے اور شرکاء کو دوران تربیت ریفریشمنٹ اور لنچ کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ اختتامی سیشن ہفتہ کے روز منعقد ہوا، جس میں ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد (سابق پروفیسر FAST یونیورسٹی اسلام آباد و ممبر نیشنل کمپیوٹنگ کونسل) نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے طلباء کو ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت، ترجمان دفتر خارجہ
یہ دونوں بوٹ کیمپس طلباء کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے اور آئی ٹی انڈسٹری کے عملی تقاضوں سے آگاہی فراہم کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوئے۔