ایران

ایران کا اسرائل پر تازہ حملہ : بین گورین ایئرپورٹ اور دیمونا ایٹمی ری ایکٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے جوابی حملوں کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے۔

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تل ابیب میں واقع بین گورین ایئرپورٹ، اسرائیلی فوج کے مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور دیمونا میں واقع ایٹمی ری ایکٹر سمیت کئی حساس تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ یہ کارروائی ’’وعدہ صادق سوم آپریشن ‘‘ کے 18ویں مرحلے میں کی گئی، جس میں شہید 136 نامی ڈرونز اور جدید میزائلوں کا استعمال کیا گیا ۔ پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حملوں نے اسرائیل کے دفاعی سسٹمز کو چکما دیا اور اسرائیلی اینٹی میزائل سسٹم ایرانی ڈرونز کو روکنے میں ناکام رہے ۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی سفیر ڈوروتھی شیا نےاسرائیل پر دہشت گردی پھیلانے کا الزام لگا دیا

اس کے نتیجے میں اسرائیلی عوام خوف کے عالم میں پناہ گاہوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہو گئے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فوجی مراکز پر براہِ راست حملوں سے اسرائیلی دفاعی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا ۔پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی صنعتی و دفاعی تنصیبات پر حملوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور صیہونی حکومت کے خلاف جاری مزاحمت میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی ۔ ایران نے واضح کیا کہ جب تک اسرائیل اپنی جارحانہ سرگرمیاں بند نہیں کرتا، جوابی حملے تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے اور ہر نئی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑجواب دیا جائے گا ۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ طاس معاہدہ کبھی بحال نہیں ہو گا،امت شاہ کی گیدڑبھبکی

یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں اسرائیل کی جانب سے ایران پر وقفے وقفے سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ گزشتہ صبح بھی اسرائیلی فضائیہ نے اصفہان میں قائم ایران کے نیوکلیئر سائنسی مرکز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جس پر ایران نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے اسرائیل پر اپنے جوابی حملے تیز کر دیے ۔ دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی سے خطے میں تناؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے اثرات عالمی امن و استحکام پر بھی مرتب ہوں گے ۔ عالمی برادری نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ تنازع مزید نہ پھیلے ۔

Scroll to Top