قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز نوجوان بلے باز حسن نواز رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
22 سالہ کرکٹر نے اپنی شادی کی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری دی اور لکھا، الحمدللہ، نئے سفر کا آغاز۔ تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کرنے والے حسن نواز نے اپنی شادی کی تقریب پنجاب کے خوبصورت ضلع لیہ میں انجام دی، جہاں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کرکے خوشیوں کو دوبالا کیا۔ شادی کی سادہ مگر پُررونق تقریب میں حسن نواز نے دھانی رنگ کے خوبصورت کرتا شلوار پر آف وائٹ کوٹ زیب تن کیا جو ان کی شخصیت پر خوب جچ رہا تھا ۔ دولہن کے لباس کا رنگ بھی دھانی تھا، جس سے دونوں کی جوڑی دلکش اور دیدہ زیب نظر آئی ۔
یہ بھی پڑھیں:نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دیکر ایف آئی ایچ نیشنز کپ جیت لیا
یہ نوجوان کرکٹر اپنی جارحانہ بلے بازی اور منفرد اسٹائل کے باعث شائقینِ کرکٹ میں پہلے ہی مقبول ہیں، لیکن اپنی شادی کی خبر سُن کر پرستاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ سوشل میڈیا پر حسن نواز کو نوبیاہتا جوڑے کیلئے دلی دعائیں اور نیک خواہشات موصول ہو رہی ہیں، جبکہ قومی کرکٹرز اور کوچز نے بھی اپنی نیک تمنائیں اور خوشیوں بھری پیغامات ارسال کئے۔ شادی کی تقریب میں حسن نواز کے قریبی احباب، اہلِ خانہ اور دوستوں نے بھرپور شرکت کی ۔ دوستوں اور رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ تقریب میں سادگی اور روایات کا خاص خیال رکھا گیا اور نوبیاہتا جوڑے کی خوشیاں سب کے چہروں پر نظر آئیں ۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلا دیش کے مشفیق الرحیم نے سابق پاکستانی لیجنڈ یونس خان کا ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا
شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پرستاروں نے سوشل میڈیا پر نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع کر دیا، جس پر حسن نواز نے مداحوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا، ’’آپ سب کی محبت اور دعائیں میرے لئے سرمایہ ہیں، اللہ آپ سب کو خوش رکھے ۔‘‘ نوجوان بلے باز حسن نواز نے اپنے شائستہ انداز اور دلکش اسٹائل سے نہ صرف میدان میں، بلکہ اپنی نئی ازدواجی زندگی کے آغاز پر بھی مداحوں کا دل جیت لیا ہے ۔ امید ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ اور نجی زندگی میں کامیابیوں کے نئے سنگ میل عبور کریں گے۔