نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں 20 سے 23 جون تک متوقع بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے نئے سلسلے کے پیش نظر عوام اور اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
مظفرآباد اور اس کے گردونواح میں رات کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر، پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت بالائی اور وسطی علاقوں میں اس دوران موسم میں شدت آنے کا امکان ہے، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں کمزور درختوں، کچی دیواروں اور خستہ حال عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنی گاڑیاں محفوظ اور چھت دار مقامات پر کھڑی کریں اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کیونکہ تیز آندھی اور طوفانی ہوائیں نہ صرف حدِ نگاہ کو محدود کر سکتی ہیں بلکہ حادثات کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔
مزید برآں، این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی ایچ نیشنز کپ فائنل میں نیوزی لینڈ کاپاکستان سے آج سامنا ہوگا!
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ‘‘ سے استفادہ حاصل کریں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری حفاظتی اقدامات کریں۔