ایران نے اسرائیل پر 25 میزائل داغ دیئے، حیفا، بیرشیبا ، یروشلم میں زوردار دھماکے، 17 افراد زخمی

تہران(کشمیر ڈیجیٹل)ایران اور اسرائیل کے درمیان مسلح کشیدگی 8ویں روز میں داخل ہوگئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان میزائلوں کا تبادلہ جاری ہے، ایک طرف اسرائیل ایران پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں تو دوسری طرف ایران ’آپریشن ٹرو پرومس 3‘ کے تحت جوابی کارروائی میں اسرائیل کے اندر اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق ایران نے اسرائیل پر دوبارہ میزائل حملے کردیے ہیں، تازہ ترین حملوں میں اسرائیلی شہر حیفا، بیرشیبا اور یروشلم نشانہ بن گئے جہاں میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں جبکہ تل ابیب پر داغے گئے میزائلوں کو اسرائیلی افواج نے فضا میں تباہ کردیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران نے اسرائیل تازہ ترین حملوں میں 25 بیلسٹک میزائل داغ دیے۔ حیفا میں میزائل حملے کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

اس سے قبل اسرائیل نے کہا تھا کہ اس کی افواج مغربی اور وسطی ایران میں موجود ‘فوجی تنصیبات’ پر حملے کررہی ہیں۔
ایران-اسرائیل کشیدگی پر سلامتی کونسل کا اجلاس
ایران-اسرائیل کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس شروع ہوچکا ہے جس میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنازع کے بجائے امن کو موقع دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تنازع اگر مزید بڑھا تو پھر کسی کے کنٹرول میں نہیں رہے گا، آج سلامتی کونسل سے امن کا واضح پیغام جانا چاہیے۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا تاہم اس معاملے میں اعتماد کا فقدان ہے جو سفارت کاری کے ذریعے ختم کیا جاسکتا ہے۔

سیکریٹری جنرل نے کشیدگی کا حل سفارت کاری سے کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں طرف کے حملوں میں عوام متاثر ہورہے ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق تہران میں ہزاروں مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں قومی جھنڈا اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

مظاہرین نماز جمعہ کے بعد انقلاب چوک میں جمع ہوئے اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے دوران اپنے سیاسی قائدین سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے اسرائیلی حملوں کا نشانہ بننے والے ایران کے فوجی کمانڈروں کی تصویریں اٹھا رکھی تھیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اس قسم کا احتجاج تبریز اورشیراز میں بھی ہوئے جبکہ پڑوسی ملک لبنان کے دارالحکومت بیروت اور ایراق میں بھی ایران کے حق میں جلسے کیے گئے۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر مقیم الاسلام کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل تعینات

Scroll to Top