ہجیرہ :شدید گرمی سے تنگ آئے شہریوں نے مقامی سیاحتی مقام زندہ پیر نوڑوٹا کا رخ کر لیا، جہاں قدرتی مناظر، پہاڑوں کی رانی کہلائی جانے والی وادی اور دریائے پونچھ کی موجیں لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں۔ یہاں آنے والے سیاح نہ صرف فطرت کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں بلکہ دریائے پونچھ میں کشتی رانی جیسی سرگرمیوں کا بھی مزہ لے رہے ہیں۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ یہ مقام اپنی فطری خوبصورتی میں منفرد ہے، لیکن یہاں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ زندہ پیر نوڑوٹا کو باقاعدہ سیاحتی مقام کا درجہ دیا جائے، کشتی رانی کے لیے محفوظ باریرز لگائے جائیں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ بچوں اور اہلِ خانہ کی جان و مال کا تحفظ ممکن ہو۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ سیزفائر لائن کے نہایت قریب ہے اور دریا سرحد کے ساتھ بہتا ہے، اس لیے یہاں سیکیورٹی اور سیفٹی دونوں کا مؤثر انتظام ہونا نہایت ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اتنے خوبصورت اور دلکش مقام پر اگر حکومت مناسب اقدامات کرے، تو یہ پوائنٹ نہ صرف مقامی افراد بلکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھی پرکشش بن سکتا ہے۔ فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے یہاں کے پہاڑ، دریا، اور ہواؤں میں وہ تازگی ہے جو کسی بڑے تفریحی مقام پر بھی کم ہی نصیب ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ موبائل کی انٹری ، نئی سروس پر تنازع، کئی سوالات کھڑے ہو گئے
مقامی افراد نے زور دیا کہ یہاں مستقل لائف گارڈز کی تعیناتی، کشتیوں کے لیے مخصوص راستے اور بیٹھنے کے لیے سایہ دار جگہیں بنائی جائیں تاکہ یہ علاقہ محفوظ، خوبصورت اور مکمل سیاحتی مرکز بن سکے۔