ابھی تک کے حملے وارننگ تھے، اصل کارروائیاں باقی ہیں، ایرانی چیف آف جنرل سٹاف

تہران: ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے اسرائیل کے خلاف عنقریب بڑی کارروائی کا اعلان کردیا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف کا کہناتھاکہ اب تک جو کارروائی کی گئی وہ وارننگ تھی ، اصل کارروائی عنقریب ہوگی۔

انہوں نے اسرائیلیوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی جان بچاتے ہوئے فوراً حیفہ اور تل ابیب چھوڑ دیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی میزائلوں سے تنگ،جنگ سے خوفزدہ اسرائیلی ملک سے فرار ہونے لگے

ان کا مزید کہنا تھاکہ دنیاکو بھی یقین رکھنا چاہیے کہ ایرانی قوم، مسلح افواج کی قیادت میں شہدا کے خون کا بدلہ لے گی، ایران قوم نے کسی بھی جارحیت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف کا کہناتھاکہ ایران اسرائیلی حکومت کو اس کے جرائم کی سزا دے کر چھوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت نے حالیہ دنوں میں فوجی اہداف کے نام پر ایرانی عوام پر حملے کئے جن میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل تھے۔

جنرل موسوی کے مطابق، جمعے سے اب تک پاسداران انقلاب کور (IRGC) کی ایرو سپیس فورس اور فضائی دفاعی ہیڈکوارٹرز، فوج، وزارت دفاع اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے دشمن کو حساس اور اہم اہداف پر کاری ضربیں لگا چکے ہیں۔

Scroll to Top