وادی لیپہ میں مرغی کی قیمتوں میں غیر معمولی فرق پر عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب راستے کھلے اور موسم سازگار ہے تو اشیائے خوردونوش خصوصاً مرغی کی قیمت میں اتنا فرق کیوں ہے؟
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں برائلر مرغی کی فی کلو قیمت 310 روپے ہے، جب کہ وادی لیپہ میں یہی مرغی 430 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے،یہ بات حیران کن ہے کہ وادی لیپہ کی سڑکیں اس وقت بہترین حالت میں ہیں اور مظفرآباد سے لیپہ تک سفر نہایت آسان ہو چکا ہے۔ ٹریفک کی روانی بہتر ہے اور سپلائی میں بھی کسی بڑی رکاوٹ کی اطلاعات نہیں۔ اس کے باوجود قیمتوں میں 120 روپے فی کلو کا فرق عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔
مقامی شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب راستے صاف، سڑکیں کھلی، اور موسم سازگار ہے تو ایسی کون سی وجوہات ہیں جن کی بنیاد پر لیپہ میں مرغی کا گوشت اس قدر مہنگا فروخت ہو رہا ہے؟
ایک رہائشی کا کہنا تھا:”ہم سمجھتے تھے کہ برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے دنوں میں قیمتوں میں فرق معمول ہے، مگر اب جب راستے کھلے ہیں تو یہ اضافی نرخ ناانصافی ہے۔”
تاجروں کا مؤقف ہے کہ قیمتوں میں فرق کا سبب مقامی دکانداروں کی مرضی، ذخیرہ اندوزی اور متعلقہ اداروں کی عدم نگرانی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نفرت انگیز بیانیہ عالمی امن کے لیے خطرہ، پاکستان کا اقوام متحدہ سے فوری اقدام کا مطالبہ
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں تاکہ وادی لیپہ کے صارفین بھی مظفرآباد اور دیگر علاقوں کی طرح مناسب نرخوں پر مرغی کا گوشت خرید سکیں۔