جنوبی ایشیامیں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے،صدر آزادکشمیر

اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ بیرون ممالک بالخصوص یورپ میں آباد کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے مسئلہ کشمیر کو پورے شدو مد سے اٹھانا چاہیے۔

اب جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے توہمیں اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے چاہیے اور کشمیری عوام کو بھی مذاکرات کی میز پر بٹھایا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا جامع اور پائیدار حل نکلے کیونکہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔

کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل یورپ کے صدر زاہد ہاشمی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں شروع کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں آنیوالا دور پیپلزپارٹی کا ہے، جلد جیالاوزیراعظم ہوگا،گورنرپختونخوا فیصل کنڈی

وہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ ایسی صورتحال میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور دنیا کو یہ باور کروانا ہو گا کہ کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ و غاصبانہ قبضہ سے آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ثالثی کی پیشکش انتہائی خوش آئند ہے، پوری دنیا میں مقیم کشمیری متحد اور متفق ہو کر انٹرنیشنل کمیونٹی تک کشمیریوں کا مقدمہ پہنچائیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیری کئی دہائیوں سے نسل در نسل اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارتی ظلم و جبر کا مقابلہ کر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر حل کیلئے کچھ بھی کرسکتا ہوں،ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک بار پھرثالثی کی پیشکش

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ یورپ اور فرانس میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھرپور انداز میں آواز اٹھائیں اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مبذول کروائیں۔

اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود اور کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل یورپ کے صدر زاہد ہاشمی کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل یورپ کے صدر زاہد ہاشمی نے صدر آزاد کشمیر کو فرانس کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی اورکہا کہ وہ جلد ہی یورپ کا دورہ کریں گے۔

Scroll to Top