ایرانی فوج نے اسرائیلی حملوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اس حملے کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے نمائندے ابراہیم رضائی نے اسرائیل کو ایران کے جوابی حملے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تل ابیب کے اقدامات کا سخت ردعمل سامنے آئے گا۔
بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی کا کہنا تھا کہ دشمن نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے ، ایران بھرپورجواب دےگا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے یہ حملے امریکا کی مدد سے کیے، اب دشمن ایران کےجواب کا انتظار کرے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :اسرائیل نے ایران پر فضائی حملہ کردیا، تہران میں دھماکے
ایرانی مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکہ کو بھی بھاری قیمت ادا کرنی ہوگی ،واضح رہے کہ اسرائیل نے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے ایران پر فضائی حملے کیے ہیں، ان حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی اور ایٹمی سائنسدان شہید ہو گئے۔
ایرانی میڈیا نے دارالحکومت تہران کے شمالی، مغربی اور وسطی علاقوں پر حملوں کی تصدیق کی ہے،ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے کئی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :اسرائیلی حملہ،پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی کی شہادت کی تصدیق
ایک رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے میں بچوں سمیت متعدد افراد مارےگئے ہیں،اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ایران پر فضائی حملوں میں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ صوبہ اصفہان میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، دریں اثنا، ایران نے تہران کے امام خمینی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل کر دی ہیں اور ایرانی قیادت کا ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی اجلاس بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ ایران پر یہ حملے اتوار کو ہونے والے امریکہ ایران بالواسطہ مذاکرات سے دو روز قبل کیے گئے تھے اور ایرانی حکام نے خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے حملہ کیا تو اس کا سخت ردعمل ہوگا۔