موٹرویز پر نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس میں 50 فیصد تک اضافہ

نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) نے موٹرویز پر سفر کرنے والی نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس میں 50 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق 15 جون 2025 سے ہوگا۔

این ایچ اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد سے لاہور موٹروے پر نان ایم ٹیگ یا کم بیلنس کار کے لیے ٹول ٹیکس 1800 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ لاہور سے عبدالحکیم کے درمیان یہ ٹول 1200 روپے ہوگا، جبکہ پنڈی بھٹیاں سے ملتان موٹروے پر نان ایم ٹیگ کار کے لیے ٹول 1600 روپے وصول کیا جائے گا۔

ملتان سے سکھر تک کا سفر کرنے والی نان ایم ٹیگ گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس 1800 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ڈی آئی خان سے ہکلہ موٹروے پر اس قسم کی کار کے لیے ٹول 1000 روپے جبکہ حسن ابدال سے مانسہرہ ایکسپریس وے پر ٹول ٹیکس 450 روپے ہوگا۔

نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس والی کمرشل گاڑیوں پر بھی اضافی ٹول لاگو کیا گیا ہے۔ لاہور سے اسلام آباد تک دو اور تین ایکسل ٹرک کے لیے نیا ٹول 7900 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ آرٹی کیولیٹڈ ٹرک کے لیے یہ ٹول ٹیکس 10200 روپے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈبلیو ڈی ملازمین کا احتجاج چھٹے روز بھی جاری، عید پر بھی دھرنے کا اعلان

این ایچ اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایم ٹیگ کے استعمال کو لازمی بنانا اور موٹروے پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا ہے۔ اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 جون سے قبل اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوائیں اور بیلنس مناسب حد تک برقرار رکھیں تاکہ اضافی چارجز سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top