ملائیشیا کی کم قیمت ایئرلائن ایئر ایشیا ایکس نے پاکستان میں باضابطہ فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ کمپنی کی پہلی پرواز 30 مئی کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری، جو اس نئے فضائی رابطے کی عملی شروعات کی علامت ہے۔
ایئر ایشیا ایکس کے مطابق کمپنی ہفتے میں چار براہ راست پروازیں کوالالمپور سے کراچی کے لیے چلائے گی جو کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کم لاگت سفر کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
کمپنی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایئر ایشیا ایکس ملائیشیا کی واحد کم قیمت ایئرلائن ہے جو کراچی کے لیے براہ راست پروازیں چلا رہی ہے۔ ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کراچی کو ایک ڈائنامک شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ شہر نہ صرف تاریخی اہمیت کا حامل ہے بلکہ اس کی معیشت بھی جدید خطوط پر استوار ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم واحد کم قیمت ایئرلائن ہیں جو کراچی کو ملائیشیا سمیت اپنے وسیع نیٹ ورک سے جوڑ رہے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: آلو بخارا کھانے کے حیرت انگیز فوائد سامنے آگئے
واضح رہے کہ اپریل میں وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی ایئر ایشیا ایکس کی آمد پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی تھی۔ ایئرلائن کی ویب سائٹ پر موجود ان کے بیان میں کہا گیا کہ ’’یہ نیا فضائی روٹ صوبہ سندھ اور پورے پاکستان کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس سے نہ صرف معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ بین الاقوامی رابطوں کے دروازے بھی کھلیں گے۔‘‘