پاکستان کا نام روشن کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے ہیں، قومی ہیرو نے گزشتہ روز ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ جیولین تھرو میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔
جیولین تھرو فائنل میں ارشد ندیم نے سب سے دور 86.40 میٹر کی تھرو کی تھی، ارشد ندیم نے 52 سال بعد ایشین ایتھلیٹکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا، ارشد ندیم نے 2 بھارتی ایتھلیٹس سمیت دیگر کو ہرایا۔
ارشد ندیم نے اولمپکس سمیت مختلف مقابلوں میں پاکستان کیلئے4 گولڈ میڈلز جیت رکھے ہیں، قومی ہیرو جنوبی کوریا سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں، انہوں نے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، جہاں ڈی جی اسپورٹس بورڈ پنجاب، اہل خانہ اور دوستوں نے ارشد ندیم کا بھرپور استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ارشد ندیم نےگولڈ میڈل پاکستان کے نام کر لیا
ڈی جی اسپورٹس بورڈ نے ارشد ندیم کو پھولوں کا ہار پہنایا اور ان کو گلدستہ بھی پیش کیا، اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی ارشد ندیم کے استقبال کیلئے موجود تھی۔
لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو کی والدہ کا کہنا ہے ’میرے بیٹے نے پہلے بھی ملک کا نام روشن کیا، آج بھی ملک کا نام روشن کرکے آیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کو بہترین سہولیات دی گئی ہیں جس پر وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شکر گزار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ،ارشد ندیم نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
اس موقع پر ارشد ندیم نے گفتگو میں کہا کہ پوری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ عزت دی، ہمیشہ محنت کی ہے، آئندہ بھی پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتوں گا۔
انہوں نے کہا کہ تقریبا 50 سال بعد ایشیئن ایتھلیٹکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل آیا ہے، ورلڈ ایتھلیٹکس میں بھی پاکستان کیلئے گولڈ میڈلز جیتنے کی پوری کوشش کروں گا۔