بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کی جانب سے حالیہ انٹرویو میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی لڑاکا طیارے گرائے جانے کے اعتراف کے بعد بھارت میں سیاسی اور صحافتی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ صحافیوں اور مبصرین نے مودی حکومت، فوج اور بھارتی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
معروف صحافی پنکج پچوری نے طنزیہ انداز میں کہا کہ سنگاپور کے ایک بزنس نیوز چینل نے بھارتی طیارے گرنے کی خبر بریک کر کے بھارتی میڈیا کی قابلیت پر سوال اٹھا دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے شمار نیوز چینلز، گھنٹوں جاری رہنے والے پروگرامز اور اخبارات میں یہ خبر دبائے رکھی گئی اور کوئی بھی جنگی طیارے گرنے کی تصدیق نہ کر سکا۔
راجیہ سبھا کی رکن اور کئی کتابوں کی مصنفہ ساگاریکا گھوش نے سخت سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کو یہ سچ معلوم تھا تو یہ بات عوام اور پارلیمنٹ سے کیوں چھپائی گئی؟ انہوں نے کہا کہ بھارتی شہریوں کو حقائق سے آگاہ رکھنے کے بجائے حکومت نے خاموشی اختیار کی۔
یاد رہے کہ جنرل انیل چوہان نے امریکی جریدے بلوم برگ کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں پہلی بار اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں بھارتی فضائیہ نے اپنے کچھ لڑاکا طیارے کھوئے۔
جب ان سے پاکستان کے ہاتھوں چھ بھارتی طیارے گرائے جانے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے تعداد بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات اہم نہیں، ہمارے لیے اہم یہ ہے کہ وہ طیارے گرے کیوں۔
یہ بھی پڑھیں: نیلم ویلی کی رونقیں لوٹ آئیں: سیاحوں کا رخ دوبارہ کشمیر کی جنت کی جانب
یہ اعتراف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی حکومت اور میڈیا نے طویل عرصے تک اس معاملے پر خاموشی اختیار کی ہوئی تھی، تاہم اب خود فوج کے اعلیٰ ترین عہدیدار کی جانب سے تصدیق کے بعد معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔