“ہم نے پاک بھارت جنگ روکی، کشیدگی جوہری تباہی کا باعث بن سکتی تھی”ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے پاکستان اور بھارت کو جنگ سے روکا، ورنہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی جوہری تباہی میں بدل سکتی تھی۔

اوول ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے دونوں ممالک کو جنگ سے روکا کیونکہ ایسے ممالک جو ایک دوسرے پر گولیاں برسا رہے ہوں، اُن کے ساتھ تجارت ممکن نہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ امریکہ کسی سے بھی بہتر لڑ سکتا ہے کیونکہ اس کے پاس دنیا کی سب سے بڑی فوج ہے۔

مزید گفتگو میں انہوں نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی جلدی امید ظاہر کی جبکہ کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے قریب پہنچ چکا ہے۔ ٹرمپ نے بتایا کہ وہ چینی صدر سے تجارت اور ٹیرف کے معاملات پر بات کریں گے اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات ختم ہو جائیں گے۔

غیر ملکی طلبہ سے متعلق سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ ہارورڈ یونیورسٹی کے ساتھ تنازع کے باوجود وہ چاہتے ہیں کہ غیر ملکی طلبہ امریکہ آ کر تعلیم حاصل کریں اور فی الحال انہیں نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دونوں ممالک سے کہا تھا: “تم لوگ یہ کیا کر رہے ہو؟”

ٹرمپ نے پاکستان کے عوام کو بہترین اور اس کی قیادت کو عظیم قرار دیا جبکہ بھارتی وزیر اعظم مودی کو اپنا دوست کہا۔

یہ بھی پڑھیں: خطبہ حج کا ترجمہ اردوسمیت 35 زبانوں میں براہ راست سنا جا سکے گا

دوسری جانب بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی کردار کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔

Scroll to Top