مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ ریاست کا وجود مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کا مرہون منت ہے،افواج پاکستان نے بھارت کے اندر گھس کر مار کے ہندوستان کا غرور خاک میں ملایا۔
ہمیں محافظ افواج اور قابض افواج میں فرق کو سمجھنا ہو گا، روایتی حکمرانی کے تصور کو یکسر تبدیل کر دیا ہے،ٹیکس کولیکشن کے اہداف کو پورا کرکے 50 ارب سے 70 ارب تک پہنچایا ہے،حکومت بغیر خسارے کے بجٹ پیش کرے گی۔
دارلحکومت مظفرآباد کے میگا پراجیکٹس کے لیے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دیں گے، ایک ارب 63 کروڑ روپے کی لاگت سے مظفرآباد کے صارفین کو ایک کروڑ گیلن یومیہ صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے ماکڑی ان ٹیک وئیر اینڈ انسٹالیشن آف ڈیجیٹل فلو میٹرنگ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی تقریب میں وزرائے حکومت فیصل ممتاز راٹھور، میاں عبد الوحید، چوہدری یاسر سلطان اور سابق مشیر حکومت راجہ مبشر اعجاز بھی موجود تھے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :بھارت نے چھپ کر وار کیا ،پاک افواج نے کم ظرف دشمن کو دن کی روشنی میں تارے دکھائے،چوہدری انوار الحق
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پولیس کے جوانوں نے اپنی جان کی قربانی دے کر آزاد کشمیر کو تخریب کاری سے بچا لیا ہے، آزاد کشمیر حکومت اپنے محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی حکومت سے درخواست ہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے سی ٹی ڈی کے قیام کیلئے فنڈز فراہم کرے، انہوں نے کہا کہ محکمہ فزیکل پلاننگ، پبلک ہیلتھ کے انجینئرز، کنسٹرکشن کمپنی کے مالکان کو منصوبہ مکمل کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
منصوبے کی تکمیل ان عقل کے اندھوں کے منہ پر طمانچہ ہےجو مجھ پر مظفرآباد کی دشمنی کا الزام عائد کرتے تھے، حکومت مظفرآباد میں زیرالتوا منصوبے مکمل کر رہی ہے، سیوریج کے منصوبے پر کام شروع ہے، مظفرآباد کے جملہ میگا پراجیکٹس کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دیں گے۔
صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے سے ایک کروڑ گیلن یومیہ صاف پانی صارفین کو فراہم کریں گے۔ 200 من آٹا، 3 روپے بجلی اور ٹیکس فری بجٹ پر ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے ۔ بجلی اور آٹے کی مد میں 70 ارب روپے کے خسارے کے باوجود آزاد حکومت کو کوئی خسارہ نہیں ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :چوہدری انوار الحق آزاد کشمیر کے وہ حکمران ہیں جنہیں شاید ہی قدرت معاف کرے ، سینئر سیاستدان زائد امین کاشف
الحمداللہ حکومت نے اپنے آمدن کے ذرائع بڑھائے، آٹے اور بجلی کی سبسڈی کے 70 ارب روپے کے بوجھ کے باوجود وفاقی حکومت کی مدد کے بغیر بجٹ خسارے کو ختم کیا ہے، ہم نے صرف بددیانتی کو روکا اور تمام مافیاز پر ہاتھ ڈالا اور ان کے سرپرستی کرنے والوں کے رزق کو لات ماری اور حکمرانی کے تصور کو تبدیل کر دیا۔
جو وزیراعظم سیکرٹریٹ لاؤ لشکر کے ساتھ چلتا تھا اس کو صرف 3 افراد پر لایا ہے۔ محکمہ شاہرات کے منصوبوں کی شفاف طریقے سے ای ٹینڈرنگ کے ذریعے کرپشن کے تصور کو ختم کیا ہے۔ کبھی کبھی مخلوق خدا کی خدمت کی بھی قیمت چکانا پڑتی ہے
ہم سب اپنی مرضی سے اس نظام کا حصہ ہیں، یہ اختیار ہم پر کسی نے مسلّط نہیں کیا،جب تک میرا قلم مخلوق کی فلاح وبہبود کیلئے چل رہا ہے تو میں اس نظام کا حصہ رہوں گا، جب میں سمجھوں میرا اختیار عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نہیں رہا تو اس نظام کا حصہ نہیں رہوں گا۔
افواج پاکستان نے جس طرح ہندوستان کو اندر گھس کر مارا اللہ تعالی نے میرے الفاظ کی لاج رکھ لی، لیکن ہمیں سمجھنا ہو گا ہمارا ازلی کمینہ دشمن باز نہیں آئے گا اور ہمیں اس کیلئے تیار رہنا ہو گا۔ آپ نے فیصلہ کرنا ہے ہم نے کس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے اپنی ریاست کے ساتھ یا تخریب کاری کرنے والے شرپسندوں کے ساتھ۔
یہ خبر بھی پڑھیں :آزادکشمیر کے خسارے میں چلنے والے ادارے منافع بخش بن گئے ،چوہدری انوار الحق
وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بیس کیمپ تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشنے کیلئے ہے، یہ سارا نظام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے مرہون منت ہے، آج غزہ اور کشمیر میں کیا فرق ہے وہاں 24 کروڑ عوام کی حمایت نہیں ہے۔
وہاں جنرل عاصم منیر جیسے سپہ سالار اور پاک فوج جیسی فوج نہیں ہے، آزاد کشمیر کی حکومت اپنے انتہائی محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے سی ٹی ڈی کے قیام کیلئے اقدامات کئے، وفاقی حکومت سے درخواست ہے جہاں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز فراہم کئے وہیں دہشتگردی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے سی ٹی ڈی کے قیام کیلئے فنڈز فراہم کئے جائیں۔
شہر کی خوبصورتی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، یہ مظفرآباد کا شہر ہے اس کی حفاظت بھی ہم کریں گے، بھارت کی جانب سے جنگ مسلط ہونے کے بعد جب مظفرآباد میں میزائل داغے گئے تو آپ کا وزیراعظم سیز فائر تک آپ کے شانہ بشانہ رہا۔