اسلام آباد: پاکستان کے ہاتھوں حالیہ فضائی جھٹکے اور 6 لڑاکا طیارے گنوانے کے باوجود بھارت کا جنگی جنون کم نہ ہوسکا۔ مودی سرکار نے اب ففتھ جنریشن اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ مقامی سطح پر تیار کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے “ایڈوانس میڈیم کامبیٹ ایئرکرافٹ” (اے ایم سی اے) کے پروٹوٹائپ کی تیاری کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے پر کام بھارت کی سرکاری ایروناٹیکل ڈیولپمنٹ ایجنسی (ADA) کرے گی۔
یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بھارتی فضائیہ حالیہ تنازع میں شدید ہزیمت کا سامنا کر چکی ہے، جہاں پاکستان نے اپنے فضائی دفاع میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کا یہ اقدام داخلی سطح پر سیاسی دباؤ کم کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے تاکہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈال کر جنگی طاقت کا تاثر قائم رکھا جا سکے۔
یاد رہے کہ بھارت دنیا میں اسلحے کا ایک بڑا خریدار ہے۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (SIPRI) کے مطابق بھارت نے 2019 سے 2023 کے درمیان دنیا بھر میں فروخت ہونے والے مجموعی اسلحے کا 10 فیصد خریدا۔
حال ہی میں بھارت نے فرانسیسی کمپنی داسو ایوی ایشن سے 26 رافیل ایم طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا جبکہ اس سے قبل وہ 36 رافیل طیارے حاصل کرچکا ہے جن میں سے 3 طیارے پاک فضائیہ نے مار گرائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ تکبیر سے معرکۂ حق تک: پاکستان کا ناقابلِ تسخیر دفاع
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ بھارت نے تقریباً 20 سال قبل “تیجس” کے نام سے مقامی لڑاکا طیارہ بنانے کا منصوبہ شروع کیا تھا جو آج تک مکمل کامیابی حاصل نہ کر سکا۔