مظفرآباد:وزیر قانون میاں عبدالوحید نے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کے توجہ دلاؤ نوٹس پر ایوان میں یقین دہائی کروائی ہے کہ بکروال قبائل کوٹیکس سے استثنیٰ پر عملدرآمد کیا جائیگا۔
راجہ فاروق حیدر خان نے توجہ دلاؤ نوٹس کے ذریعے ایوان کی توجہ مبذول کروائی تھی کہ بکروالوں کی اپنے جانوروں کے ہمراہ نقل مکانی معمول کا حصہ ہے۔
اطلاعات ہیں کہوڑی پل ضلع کونسل اور نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کے علاوہ محکمہ جنگلات بھی ان سے زبردستی ٹیکس وصول کر رہا ہے جو کہ ناانصافی کے مترادف ہے۔
سپیکر نے وزیر قانون کو ہدایت کی سیکرٹری جنگلات اور نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین کو طلب کر کے ان سے بکروال قبائل سے وصول کیے جانے والے ٹیکس کی قانونی حیثیت سے متعلق استفسار کیا جائے گا اور گجر بکروال قبائل کو ہر طرح کا تحفظ فراہم کیا جائے۔
آزادکشمیر میں180کالجزغیرفعال،570اسامیاں خالی ہیں، وزیر حکومت کا اعتراف
ادھروزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال نے قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کے سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ محکمہ ہائرایجوکیشن میں 570 اسامیاں خالی، دور افتادہ علاقوں میں 180کالجز غیر فعال ہیں۔
انہوں نے بتا یا کہ پبلک سروس کمیشن میں ریکوزٹ کی گئی اسامیوں پر حکم امتناعی جاری ہے ،حکومت نے کام چلاؤ پالیسی کے تحت کنٹریکٹ بنیادوں پر باالمقطع اوپن میرٹ پالیسی کے تحت لیکچررز کی تقرریوں کیلئے اشتہار جاری کیا ہے۔
خواجہ فاروق نے جاری شدہ اشتہار اور ایوان میں دیئے گئے تحریری جواب میں فرق پر ضمنی سوال کے ذریعے سپیکر کی توجہ مبذول کروائی تھی کہ حکومت نے اوپن میرٹ کے تحت بھرتیوں کا اشتہار جاری کیا، کوٹہ نہیں متعین کیا ، مظفرآباد میں صرف ایک اسامی دی گئی ہے۔
وزیر ہائر ایجوکیشن نے بتایا کہ دور افتادہ علاقوں میں کوئی بھی ملازم جانے کو تیار نہیں ، وزیر سماجی بہبود سید بازل نقوی نے کہا کہ مظفرآباد کے ساتھ ہمیشہ زیادتی ہوتی ہے۔
سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کوٹہ میرٹ کا قتل عام ہے، یہ ختم ہونا چاہیے، انہوں نے انکشاف کیا کہ جب وہ وزیراعظم تھے تو ایک سینئر ٹیچر ان کے پاس شکایت لے کر آیا کہ اسے ذہنی اذیت دی گئی، اس کا پلیٹ سے پائلٹ سکول تبادلہ ہو ا، جب سوچ اس طرح کی ہے تو نظام تعلیم اور معیار تعلیم کا اللہ حافظ ہے۔
خواجہ فاروق نے کہا کہ وہ اوپن میرٹ کے حامی ہیں لیکن مظفرآباد کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے یکساں روزگار کے مواقع ملنے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی،آزادکشمیراسمبلی کا پاک فوج کو شاندار خراج تحسین




