آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی،آزادکشمیراسمبلی کا پاک فوج کو شاندار خراج تحسین

مظفر آباد:آزادکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق، وزراء کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاہے کہ اسمبلی کے ممبران اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ پاکستان کوبنیان مرصو ص میں کامیابی نصیب ہوئی۔

ایوان پاکستان کی بہادر بری، بحری اور فضائی افواج کو ہندوستان کی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے، اس کی طاقت کا زعم توڑنے اور اس کو اس کی سرزمین میں جا کر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔

افواج پاکستان کی یہ قربانی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائیگی۔یہ ایوان فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کے قائدانہ کردار، دوٹوک موقف اور تنازعہ جموں و کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

یہ ایوان صدر امریکہ ڈونلڈ جے ٹرمپ کی طرف سے تنازعہ جموں و کشمیر کے حل پر زور دینے کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ اس خطہ میں دیر پا امن اور ترقی کیلئے تنازعہ جموں و کشمیر کا حل ضروری ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان حکومت پاکستان کی طرف سے ہندوستان کی جارحیت پر قومی امنگوں کے مطابق جواب دینے اور سفارتی سطح پر ہندوستان کو بے نقاب کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

یہ ایوان پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے افواج پاکستان کی بھرپور حمایت اور یکجہتی کے اظہار پر پاکستانی قوم اور آزاد کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

ہندوستان کی طرف سے آزاد کشمیر اور پاکستان میں مساجد اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں اور اس اقدام کو انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم سمجھتے ہیں۔

ایوان ہندوستان کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ کے معطل کرنے کے فیصلہ کی مذمت کرتا ہے اور اس کو act of war سمجھتا ہے۔

قرارداد میں کہاگیا کہ یہ ایوان ہندوستان کی جارحیت کے باعث شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتا ہے

یہ ایوان اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہندوستان کی جارحیت کا نوٹس لے، قرارداد میں بھرپور امدا د پر وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

یہ اجلاس چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے منصب پر ترقیاب ہونے پر بھی دل کی اتھاہ گہرایؤں سے مبارکباد پیش کرتاہے۔ایوان میں یہ قرارداد وزیرقانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید نے پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جو کہا دن کی روشنی میں کر دکھایا، میاں عبدالوحید

Scroll to Top