میرپور،لفٹ کے بہانے شہریوں کو لوٹنے والی خاتون کی درخواست ضمانت مسترد

میرپور کی ڈسٹرکٹ فوجداری عدالت نے سنگین جرائم میں ملوث خاتون ملزمہ شازیہ یونس عرف کوکو جان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا۔

ملزمہ نے اس سے قبل ایڈیشنل تحصیل فوجداری عدالت نمبر 2 میرپور میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جسے 6 مئی 2025 کو مسترد کر دیا گیا تھا۔

وکلاء نے  تفصیلی دلائل پیش کئے جس کے نتیجے میں عدالت نے ملزمہ کی ضمانت کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔

خاتون پر الزامات ہیں کہ وہ لفٹ کے بہانے گاڑیوں میں سوار ہو کر پانی میں نشہ آور دوا ملا کر مسافروں کو بیہوش کر دیتی تھی اور بعد ازاں ان کے نقدی، موبائل اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہو جاتی تھی۔

پولیس کے مطابق وہ مارچ 2025 میں میرپور سے گرفتار ہوئی اور اس وقت سنٹرل جیل میں قید ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ اور اس کی فیملی پنجاب بھر میں اشتہاری قرار دی جا چکی ہے اور اس کے خلاف پنجاب اور پختونخوا کے مختلف اضلاع میں درجنوں مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔

ملزمہ کا تعلق منڈی بہائوالدین سے ہے جبکہ پشاور میں رہائش پذیر تھی،مستغیث کی جانب سے وکلاء چوہدری طاہر مہربان ایڈووکیٹ، حسنین رمضان چغتائی ایڈووکیٹ، حسن نور چغتائی ایڈووکیٹ ، چوہدری رب نواز مشکور ایڈووکیٹ نے کی۔

یہ بھی پڑھیں: ضمانت مسترد ہونے پر پٹواری گرفتار،ایک لاکھ70ہزار روپےبرآمد

Scroll to Top