سیز فائر لائن آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یومِ تشکر، افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین

سماہنی :سیز فائر لائن عبداللہ پور کھنباہ سیکٹر میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور یومِ تشکر کے طور پر جامعہ اسلامیہ رضویہ عبداللہ پور، تحصیل سماہنی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کی قیادت مفتی کشمیر مفتی محمد وسیم رضا نے کی، جس میں عسکری و سول حکام سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں کمانڈنگ آفیسر کرنل محمد عابد، سابق امیدوار اسمبلی چوہدری اصغر علی، ممبر ضلع کونسل نعیم اسلم، سابق چیئرمین چوہدری محمد عاشق، سابق امیدوار ضلع کونسل چوہدری شوکت کہالوی، میجر ریٹائرڈ خضر الرحمٰن راجہ، پروفیسر محمد فیاض، کونسلر فاروق گوندل، فوڈ انسپکٹر اویس عاشق، صحافی راشد راج، سید شہاب عباس، کامران خان سمیت دیگر نمایاں شخصیات موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب میں مقررین نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دلیر کشمیری بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، اگر بھارت نے دوبارہ کسی ایڈونچر کی کوشش کی تو ماضی کے تمام سبق بھلا دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر لائن کے عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔

مفتی محمد وسیم رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم نے دشمن کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر اتحاد کا عملی مظاہرہ کیا، دشمن کو ایسے بھرپور جواب کی توقع نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی امتِ مسلمہ کی کامیابی ہے اور قوم ہر قسم کے حالات کے لیے تیار ہے۔

سابق امیدوار اسمبلی چوہدری اصغر علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک بھارت مذاکرات میں کشمیری بنیادی فریق ہیں اور مسئلہ کشمیر کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بارڈر پیکج پر بھرپور کام کیا ہے اور وزیراعظم آزاد کشمیر سیز فائر لائن سے متصل علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کو یاد رکھنا چاہیے کہ قوم ان کے شانہ بشانہ ہے بلکہ اجازت ملنے پر آگے بڑھنے کو بھی تیار ہے۔ اگر مودی نے مزید کوئی حرکت کی تو لعل چوک سری نگر میں پاکستانی پرچم لہرایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک کا عید الاضحیٰ سے پہلے ‘گو کیش لیس’ مہم کا آغاز

تقریب میں قاری سید وسیم عباس شاہ نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیے جبکہ پروفیسر محمد یونس نے اختتامی دعا میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی، مسلح افواج کی کامیابی، پاکستان کے استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرائی۔

Scroll to Top