جہلم ویلی : پاسبانِ حریت جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام ضلع جہلم ویلی کے مرکزی مقام ہٹیاں بالا میں “مسئلہ کشمیر حل کرو، جنوبی ایشیاء میں امن لاؤ” کے عنوان سے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں بزرگوں، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ریلی میں شریک مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جبر و استبداد کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور سرینگر چکوٹھی شاہراہ پر بھارتی مظالم کے خلاف مارچ کیا۔ شہری “جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے”، “بھارت سے لیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی”، “حل کرو حل کرو مسئلہ کشمیر حل کرو” اور “آزادی دو آزادی دو کشمیر کو آزادی دو” جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔
ریلی کی قیادت چیئرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، تاجر برادری کے صدر سید فیصل گیلانی، قاری عبدالماجد کشمیری، محمد صدیق قریشی، گلزار احمد تانترے سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عزیر احمد غزالی نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام پاکستان کی عوام اور مسلح افواج کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے کشمیر کی آزادی کے قومی مؤقف کو اپنے قیمتی لہو سے زندہ رکھا اور مسئلہ کشمیر کو دنیا کا فلش پوائنٹ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھائے تاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اگر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کر لیا جائے تو پاک و ہند میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی، انصاف اور امن چاہتے ہیں جس کے لیے انہوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور جنوبی ایشیاء میں امن کشمیر کی آزادی سے جُڑا ہوا ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شوکت جاوید میر نے کہا کہ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ کشمیری عوام اس کی جبری حاکمیت سے آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی کامیاب حکمتِ عملی کے بعد بھارت کو سبق سیکھ لینا چاہیے، کیونکہ وہ خطے میں اپنی دہشت پسندانہ کارروائیوں کے باعث اپنا وقار کھو چکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام ملک کے دفاع کے لیے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ کشمیری عوام کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عثمان علی ہاشم، سید فیصل گیلانی اور قاری عبدالماجد نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور مہذب دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ جنوبی ایشیاء میں امن، ترقی اور استحکام ممکن ہو سکے۔




