بھارت میں ترکیہ کے خلاف جاری مہم کے تناظر میں پاکستانی کاروباری حلقوں نے ترکیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں ’سپورٹ ترکیہ‘ کے نام سے مہم شروع کی جائے گی۔
قائم مقام صدر کا کہنا تھا کہ اس مہم کے تحت ترکیہ سے خام مال سمیت دیگر مصنوعات کی درآمدات میں فوری طور پر اضافہ کیا جائے گا اور پاکستانی کاروباری برادری معمول سے ہٹ کر ترکیہ کی حمایت کرے گی۔
واضح رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کے بعد بھارت میں ترکیہ مخالف مہم شدت اختیار کر گئی ہے۔ اسی سلسلے میں بھارتی وزارت شہری ہوابازی نے جمعرات کے روز سیکیورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت میں سرگرم ترک کمپنی جلیبی ایئرپورٹ سروسز کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی۔
یہ بھی پڑیں: آزاد کشمیر میں خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب اہم قدم، 63 افراد میں بلا سود قرضہ جات تقسیم
بھارتی میڈیا کے مطابق پونے شہر کے بعض تاجروں نے ترک سیبوں کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ ترکیہ سے درآمد کیے جانے والے سیبوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔