راولاکوٹ ،ہجیرہ (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے پونچھ ڈویژن میں لائن آف کنٹرول کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سی ایم ایچ راولاکوٹ میں بھارتی گولہ باری سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ “ایک مودی نہیں، سو مودی بھی آ جائیں، پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔”
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاک فوج نے جو کارنامے سرانجام دیے ہیں ان پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہماری بہادر افواج نے بھارت کو دن میں تارے دکھا دیے۔ وزیر امور کشمیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سپہ سالار کی قائدانہ صلاحیتوں اور دلیری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، اب مودی کسی بھی جارحیت سے پہلے سو بار سوچے گا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ پہلے بھی کھڑا تھا، آج بھی کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی مرضی کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران پوری قوم متحد رہی، تمام اداروں اور میڈیا نے مثبت کردار ادا کیا اور ایسی قومیں کبھی شکست نہیں کھا سکتیں۔
وزیر امور کشمیر اور دیگر حکام نے سی ایم ایچ راولاکوٹ کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور زخمی مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے جنگ کے دوران شہید ہونے والوں کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے ہر شہید کی فیملی کو جبکہ زخمیوں کے لیے ان کی نوعیت کے مطابق دس سے بیس لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن افراد کی املاک کو نقصان پہنچا ہے انہیں جلد معاوضے دیے جائیں گے اور جن کے گھر تباہ ہوئے ہیں ان کے گھر دوبارہ تعمیر کر کے دیے جائیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے لواحقین اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے تحصیل ہجیرہ آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے شہداء کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے ہجیرہ میں شہدا اور متاثرہ افراد سے یکجہتی اجتماع سے بھی خطاب کیا اور شہداء اور ان کے اہل خانہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے شہداء کے ہر خاندان کو ایک ایک کرور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تباہ شدہ مکانات کی بھی تعمیر نو کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر زخمی کو 10 سے 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پورے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے محافظ ہیں۔ اس سے قبل راولاکوٹ سے جاتے ہوئے وفاقی وزیر کا کھائی گالہ اور ہجیرہ بازار میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔