مظفرآباد :سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں مظفرآباد میں بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی کامیابی پر اظہار تشکر کے لیے عظیم الشان “پاکستان زندہ باد” ریلی نکالی گئی۔
ریلی کا آغاز اسمبلی سیکرٹریٹ سے ہوا اور یہ شہداء کی یادگار پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے جوش و خروش سے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور مملکت پاکستان سے اپنی غیر مشروط محبت کا اظہار کیا۔ “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے مظفرآباد گونج اٹھا۔
ریلی میں وزراء، سیاسی و سماجی رہنماؤں کے علاوہ ہر مکتبہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی جذبہ دکھایا۔ مقررین نے کہا کہ پاک فوج نے دن کی روشنی میں بھرپور جوابی کارروائی کر کے دنیا کو باور کروا دیا کہ بھارت صرف زبانی دعوؤں میں بہادر ہے، عملی میدان میں وہ ایک بزدل دشمن ہے۔
ریلی کے شرکاء نے نریندر مودی کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم اب امریکہ کے آگے ہاتھ جوڑ کر اپنی جان بچا رہا ہے، جبکہ اپنے ملک کی عوام کو جھوٹے خطابات کے ذریعے گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ بھارت کو پاکستان کی جانب سے ایسا منہ توڑ جواب ملا ہے کہ اب چوہدری مودی چھپتا پھر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایل او سی متاثرین کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، ماریہ اقبال ترانہ کامطالبہ
ریلی کے دوران شہریوں نے مودی سرکار کے ظلم و جبر کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اب وہ وقت ختم ہو چکا جب بھارت کشمیریوں اور پاکستانیوں پر مظالم کر کے بچ نکلتا تھا۔ پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ریلی کے شرکاء نے حکومت پاکستان اور پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔




